پیارے بچو! جوڈو اور کراٹے دو مختلف الفاظ ہیں، جن کے معنی بھی مختلف ہیں۔ جوڈو کے معنی گھیرکر مارنے کے ہیں جب کہ کراٹے کا مطلب ہے دشمن پر جوابی حملہ کرنا۔ جوڈو کراٹے کی مختلف اقسام ہیں۔ ہر ایک میں لڑنے کا انداز مختلف ہوتا ہے۔ کنگ فو، بانڈ و کراٹے اور کک باکسنگ، جوڈو کراٹے کی دلچسپ اور مشہور اقسام ہیں۔
جوڈو کراٹے میں سات بیلٹ ہوتی ہیں۔ سب سے پہلی بیلٹ سفید رنگ کی ہوتی ہے جب کہ آخری بیلٹ کالے رنگ کی ہوتی ہے۔ کراٹے کی ورزشیں بہت ہی سخت ہوتی ہیں۔ بڑے شہروں میں جوڈو کراٹے کے سنٹرس موجود ہیں، جہاں بچوں کو ان کی تربیت دی جاتی ہے۔ کراٹے ایک ایسا کھیل ہے جس کو سیکھ کر نہ صرف انسان اپنا دفاع بھرپور طریقے سے کرسکتا ہے بلکہ وہ بُری عادتوں سے بھی بچا رہتا ہے اور صحت مند رہتا ہے۔ جوڈو کراٹے سے انسان میں نظم و ضبط کی عادت اور صبر و برداشت کا مادہ پیدا ہوتا ہے۔ ترقی یافتہ ملکوں میں اس کھیل کے بڑے بڑے ٹورنمنٹ کرائے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ بچوں کو شروع ہی سے کراٹے کی تربیت دی جاتی ہے۔ جاپان کی مثال سامنے ہے کہ وہاں کا بچہ بچہ کراٹے جانتا ہے اور وہاں اس کھیل کو امتیازی حیثیت حاصل ہے۔ کراٹے سیکھنے کے لئے عمر کی کوئی قید نہیں بلکہ ہر عمر کے بچے اور جوان اس کھیل کو سیکھ سکتے ہیں اور اپنی صحت بہتر بناسکتے ہیں۔