جون 2016 تک ڈی ایس سی کا انعقاد: کڈیم سری ہری

اساتذہ کی تقرر طلب جائیدادوں کی فہرست تیار کرنے عہدیداروں کو ہدایت : ڈپٹی چیف منسٹر
حیدرآباد 28 نومبر ( این ایس ایس ) ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے آج کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اساتذہ کے تقررات کو یقینی بنانے کیلئے ڈی ایس سی کا جون 2016 تک انعقاد عمل میں لایا جائیگا ۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ ہم نے عہدیدیاروں سے کہدیا ہے کہ وہ اضلاع میں اساتذہ کی تقرر طلب جائیدادوں کی قطعی فہرست تیار کریں اور تعداد کا تعین کرلیں۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بھی حال ہی میں کہا تھا کہ ریاست میں 20 ہزار اساتذہ کا تقرر عمل میں لانے کیلئے بہت جلداعلامیہ جاری کیا جائیگا اور ڈی ایس سی کا انعقاد عمل میں لایا جائیگا جس میں 1998 اور 2000 میں امتحان تحریر کرچکے امیدواروں کو بھی ایک اور موقع دیا جائیگا ۔ مسٹر کڈیم سری ہری نے تلنگانہ میں کسانوں سے کپاس کی مکمل خریداری نہ کرنے پر مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے کپاس پیدا کرنے والے کسان مرکزی حکومت کی جانب سے اقل ترین امدادی قیمت کے تعین کے منتظر ہیں اور حکومت نے اس میں تاخیر کرتے ہوئے ان کیلئے پریشانیوں میںاضافہ کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کا اہم پروگرام کے جی تا پی جی مفت تعلیم کا ہے اور اس کو آئندہ تعلیمی سال سے کارکرد بنادیا جائیگا ۔ سری ہری نے کہا کہ نئی تعلیمی پالیسی کے تعلق سے بہت جلد واضح صورتحال سامنے آجائیگی کیونکہ حکومت اس پر رہنما خطوط تیار کرنے میں مصروف ہے ۔ حکومت نے کالجس میں انفرا اسٹرکچر اور سہولیات کی فراہمی کیلئے 1500 کروڑ روپئے جاری کردئے ہیں۔ صحافیوں کو بچوں کو مفت تعلیم کی فراہمی کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں حالانکہ احکام جاری نہیں کئے گئے ہیں لیکن اس سلسلہ میں متعلقہ ڈی ای اوز کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔