حیدرآباد ۔ 25 ۔ جون : ( عبدالرشید سلفی) : حکومت تلنگانہ کی جانب سے ریاست تلنگانہ کے 402 گورنمنٹ جونیر کالجس کے 1.15 لاکھ طلباء وطالبات کو انٹرمیڈیٹ کی مفت تعلیم اور مفت کتب کی فراہمی سے متعلق کیا گیا فیصلہ یقینا تاریخ ساز ، مستحسن اور قابل مبارکباد ہے لیکن شرط یہ ہے کہ تلنگانہ میں واقع تمام گورنمنٹ جونیر کالجس میں مخلوعہ اور تقرر طلب لکچررس کی تمام جائیدادوں کو پر کرتے ہوئے طلباء کو معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مذکورہ کالجس کو درکار اہم بنیادی سہولتوں کی فراہمی سے متعلق ضروری اقدامات کئے جائیں ۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے گورنمنٹ جونیر کالجس کے طلباء وطالبات کو سالانہ فیس کی ادائیگی سے مستثنیٰ رکھنے اور مفت کتابوں کی فراہمی کے اقدامات سے زیادہ ضرورت اسبات کی ہے کہ سرکاری جونیر کالجس میں بھی خانگی اور کارپوریٹ جونیر کالجس کی طرز پر نظام تعلیم اور ماحول کو سازگار بناتے ہوئے طلباء میں جدید ٹیکنیکی اعلیٰ صلاحیتوں کو ابھارنے کے اقدامات کرے ۔۔