حیدرآباد۔ یکم جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے حالیہ دنوں میں اپنی رہائش گاہ کیلئے جوبلی ہلز میں تعمیر کردہ بنگلہ کو کیمپ آفس میں تبدیل کرنے احکامات جاری کئے۔ 31 مئی کو حکومت کی جانب سے تمام تر عصری سہولتوں آسائش وغیرہ پر مبنی عمارت کو محکمہ عمارات و شوارع کے ذریعہ مکمل نگہداشت کی ذمہ داری سونپتے ہوئے جی او نمبر 68 جاری کیا جبکہ کروڑہا روپیوں کے مصارف سے تعمیر کردہ عالیشان و تمام تر آرام سے مزین بنگلہ کو چیف منسٹر کیلئے حیدرآباد میں کیمپ آفس کے طور پر تبدیل کئے جانے کے باعث اس بنگلہ کی نگہداشت کے مصارف حکومت کو برداشت کرنے پڑیں گے۔ اب اس بنگلہ پر باقاعدہ پولیس سکیورٹی بھی تعینات رہے گی اور اس پر ہونے والے مصارف حکومت کو برداشت کرنے پڑیں گے۔ اس کے علاوہ بنگلہ پر تعینات دیگر عملہ کے تمام مصارف بھی حکومت برداشت کریگی۔ ریاست کے بعض سیاسی قائدین نے حکومت کے اقدام پر اعتراض کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک ریاست قرض میں مبتلا ہے اور اب حیدرآباد میں کیمپ آفس کے نام پر نائیڈو کی عمارت کی نگہداشت پر کروڑوں روپئے کے مصارف حکومت کو غیرضروری برداشت کرنا پڑیگا۔