جوبلی ہلز میں وشنووردھن ریڈی کو غیر معمولی تائید

حلقہ پر راہول گاندھی اور چندرا بابو کی خاص نظر ، عوام میں جوش و خروش
حیدرآباد ۔ 3 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز میں مہا کوٹمی (کانگریس) کے امیدوار وشنو وردھن ریڈی کی لہر چل رہی ہے ۔ صدر کانگریس راہول گاندھی اور صدر تلگو دیشم و چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو وشنو وردھن ریڈی کو کامیاب بنانے کے خواہاں ہیں ۔ خود وشنو وردھن ریڈی عوام سے قربت رکھتے ہیں اپنے حلقہ کے عوام میں وہ کافی مقبول ہیں ۔ عوام ان کے آنجہانی والد پی جناردھن ریڈی کی خدمات سے اچھی طرح واقف ہیں ۔ وشنو وردھن ریڈی کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے کانگریس ، تلگو دیشم ، سی پی آئی اور پروفیسر کودنڈا رام کی تلنگانہ جنا سمیتی کے کیڈر سرگرم ہے ۔ وشنو وردھن ریڈی کو نوجوانوں اور بزرگوں کی زبردست تائید حاصل ہے ۔ خواتین بھی ان کی کامیابی کے لیے کام کررہے ہیں ۔ وشنو وردھن ریڈی کا دعویٰ ہے کہ وہ سیکولر طاقتوں کو مضبوط کریں گے ۔ معاشرہ کو فرقہ پرستی کے کینسر سے بچائیں گے ۔ انہوں نے جوبلی ہلز حلقہ کو ریاست کا مثالی حلقہ بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا ۔ وشنو کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ بزرگ مرد و خواتین بھی رضاکارانہ طور پر ان کی انتخابی مہم میں حصہ لے رہے ہیں ۔ انہیں اپنا آشیرواد دے رہے ہیں ۔ وشنو کا کہنا ہے کہ وہ اس بات پر مطمئن ہیں کہ سماج کے تمام طبقات ہندو ، مسلم ، سکھ ، عیسائی ، سب کے سب ان سے خوش ہیں اور ان کی کامیابی کی تمنا رکھتے ہیں ۔ انہوں نے اپنی زندگی کو عوام کی خدمت کے لیے وقف کردی ہے اور اس کے لیے وہ اپنے آنجہانی والد کے نقش قدم پر چلیں گے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ وشنو کی پدیاترا میں کانگریس ، تلگو دیشم ، سی پی آئی اور تلنگانہ جنا سمیتی کے رنگ برنگے پرچموں سے ایک خوبصورت منظر پیش ہورہا ہے ۔ وشنو وردھن ریڈی عوام سے ملاقات کے دوران یہ یقین دلا رہے ہیں کہ وہ عوام کی امیدوں پر پورا اتریں گے ۔ سنتوش یادو ، بھوانی شنکر ، عبدالباری احمد ، مولانا قاسم علی ، خواجہ پاشاہ ، جعفر پاشاہ ، حضر علی ، کرسٹوفر ، دلیپ سنگھ ، جانس ، عبدالصمد ، معراج ، مدمومتی ، للیتا ، لکشمی رائی اور یشودھا نے وشنو وردھن ریڈی کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔ یہ تمام وشنو کے ساتھ دوروں میں شامل تھے ۔۔