جوبلی ہلز حلقہ اسمبلی میں وشنووردھن ریڈی کی کارکردگی نمایاں

شیخ پیٹ ڈیویژن میں پدیاترا، عوام سے ملاقات، کامیاب بنانے کی اپیل

حیدرآباد ۔ 19 اپریل (پریس نوٹ) حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز کے کانگریس امیدوار مسٹر پی کرشنا وردھن ریڈی نے شیخ پیٹ ڈیویژن کے مختلف علاقہ جات جیسے گلشن کالونی، ماروتی نگر، بالاجی نگر، ونوبھانگر، ونائیک نگر، شیواجی نگر کا دورہ کرتے ہوئے مقامی رائے دہندوں سے ملاقات کیا اور ووٹ کی اہمیت سے واقف کرایا۔ ان کے اس دورہ میں ان کے ہمراہ مسرس غوث خان، سید احمد، شیوکمار، حمیرہ عزیز، روی، چاندپاشاہ، نرسنگ راؤ، راجو کے علاوہ کانگریس یوتھ پریسیڈنٹ سید افروز بھی موجود تھے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ان کے والد آنجہانی پی جناردھن ریڈی نے عوام کی بے لوث خدمات انجام دی ہیں لیکن ان کی موت کے بعد وہ عوام کے درمیان بلامذہب و تفریق خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آنجہانی پی جے آر عوام کی بیباک خدمت کرنے والے غریبوں کے ہمدرد تھے۔ اس کے علاوہ بلالحاظ مذہب و ملت غریب مزدوروں کے قائد کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دی ہیں۔ وشنو وردھن ریڈی نے اپنی پدیاترا کے دوران عوام کو بتایا کہ وہ اقلیتوں کی حفاظت کیلئے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جوبلی ہلز حلقہ اسمبلی کے تحت آنے والے مختلف مقامات میں مقیم سیما آندھرا عوام کے علاوہ دیگر ریاستی عوام کو ایک ہی نظر سے دیکھتے ہیں۔ ان کے پاس کسی قسم کا بھیدبھاؤ نہیں ہے۔ انہوں نے بحیثیت ایم ایل اے جوبلی ہلز میں میٹرو ریل کوریڈار کیلئے عوام کی ملکیت کو نقصان سے بچائے بغیر 100 فیٹ دوری سے گذرنے کیلئے راہ ہموار کی جو کامیاب ثابت ہوئی۔ ٹولی چوکی چوراہے پر وی طرز کے فلائی اوور کی تعمیر کیلئے دونوں طبقات کے مذہبی عبادتگاہوں کو کسی قسم کا نقصان پہنچائے بغیر بحسن و خوبی مسئلہ کا حل نکالا۔ شیخ پیٹ کے درمیان سے نکالی جانے والی سڑک میں رکاوٹ پیدا کرتے ہوئے قبرستان کی بے حرمتی ہونے سے بچایا۔ انہوں نے رائے دہندوں سے خواہش کی کہ انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔