جواہرلال نہرو یونیورسٹی طلبہ یونین کا پارلیمنٹ تک جلوس

نئی دہلی ۔ یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اپنے احتجاج میں شدت پیدا کرتے ہوئے جواہرلال نہرو یونیورسٹی طلبہ یونین نے کنہیا کمار اور دیگر 2 طلبہ پر غداری کے مقدمہ سے دستبرداری اور اُن کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کل پارلیمنٹ تک احتجاجی جلوس نکالنے کا اعلان کیا ہے۔ یونین کی نائب صدر شیلا راشد شوریٰ نے کہاکہ ہم ایک یکجہتی جلوس کل پارلیمنٹ تک نکالیں گے تاکہ جواہرلال نہرو یونیورسٹی، حیدرآباد یونیورسٹی اور دیگر تعلیمی اداروں میں پیش آنے والے واقعات کے خلاف احتجاج کیا جاسکے اور غداری کے الزامات سے دستبرداری کا مطالبہ کیا جاسکے۔ یہ احتجاجی جلوس جس میں ماہرین تعلیمات اور مختلف یونیورسٹیوں کے جو دہلی میں واقع ہیں، طلبہ شامل ہوں گے، 2 بجے دن کل منڈی ہاؤز سے روانہ ہوگا۔ اُنھوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے مسائل وزیراعظم کے دفتر، وزارت برائے فروغ انسانی وسائل اور اقلیتی کمیشن تک پہونچائیں تاکہ ہمارے اندیشوں اور دہلی پولیس کے طرز عمل کے خلاف ہمارے جذبات سے حکومت کو واقف کروایا جاسکے۔ کنہیا ، عمر خالد اور انیربن پر جسمانی تشدد فوری بند کیا جائے بلکہ اُنھیں رہا کردیا جائے۔