نئی دہلی۔25 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) یونیورسٹی گرانسٹ کمیشن (یو جی سی) نے تمام یونیورسٹیز سے کہا ہے کہ جوابی بیاضات کی دوبارہ جانچ کے لیے یونیورسٹیز کی جانب سے مقررہ طریقہ کار کی تفصیلات کے ساتھ واضح رہنمایانہ خطوط کا اعلان کیا جائے۔ یونیورسٹیز کو روانہ کئے گئے ایک مکتوب میں یو جی سی نے کہا کہ ’’سنٹرل انفارمیشن کمیشن (سی آئی سی) نے وزارت انسانی وسائل ترقی (ایچ آر ڈی) کو مشورہ دیا ہے کہ تمام یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس اور رجسٹرارس کو ہدایت دی جائے کہ جوابی بیاضات کی دوبارہ جانچ کے لیے مقررہ طریقہ کار کی تفصیلات کے ساتھ رہنمایانہ خطوط کا اعلان کیا جائے تاکہ طلبہ کی ایک بڑی تعداد اس سے مستفید ہوسکے۔ یو جی سی نے یونیورسٹیز سے کہا ہے کہ وہ ان سے ملحقہ تمام کالجس کو ہدایت دیں کہ وہ سی آئی سی کے احکام کی تعمیل کریں۔