انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کی جانچ ، دوسروں کی رقم جمع کرانے پر کارروائی
نئی دہلی۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نوٹ بندی کے بعد ’’جن دھن اکاؤنٹ‘‘ میں کھاتے اندرون 45 یوم دوگنا سے زائد 87,000 کروڑ روپئے تک پہنچ چکے ہیں جس کے بعد انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے ان کی جانچ کا کام شروع کردیا ہے اور ان کھاتوں کے بارے میں معلومات اکٹھا کی جارہی ہیں۔ اس کے علاوہ محکمہ انکم ٹیکس کے پاس 30,000 روپئے تا 50,000 روپئے کے درمیان کم رقم جمع کرانے کا بھی ڈاٹا موجود ہے کیونکہ 4.86 لاکھ اکاؤنٹس میں جملہ 2000 کروڑ روپئے جمع کرائے گئے ہیں۔ 10 نومبر سے 23 ڈسمبر کے درمیان جملہ 48 لاکھ جن دھن اکاؤنٹس میں 41,523 کروڑ روپئے کی رقم جمع کرائی گئی۔ ان سب کو ملاکر جن دھن اکاؤنٹس میں 9 نومبر تک رقم جو 45,637 کروڑ روپئے تھی، اب 87,100 کروڑ سے تجاوز ہوگئی ہے۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ جن دھن اکاؤنٹس میں جمع ان رقومات کی جانچ کی جارہی ہے۔ اگر یہ پتہ چلے کہ جمع کی گئی رقم کسی دوسرے شخص کی ہے تو بھی مناسب وقت پر کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ 30 نومبر تک 30 ہزار تا 50 ہزار روپئے کے درمیان 4.86 لاکھ اکاؤنٹس میں جو رقم جمع کرائی گئی، اس کے نتیجہ میں جملہ ڈپازٹ کی گئی رقم 2,022 کروڑ روپئے تک گئی ہے۔ عہدیدار نے بتایا کہ نوٹ بندی کے بعد پہلے ہفتہ میں جن دھن اکاؤنٹس میں سب سے زیادہ رقم جمع کرائی گئی، اس کے بعد بتدریج کمی آتی گئی۔