بلبھ گڑھ ٹرین واقعہ کے خاطیوں کی تلاش میں شدت ، پولیس کا بیان
چندی گڑھ ۔3 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہریانہ پولیس نے بلبھ گڈھ کے قریب ایک ٹرین میں مسلم نوجوان کی ہلاکت میں ملوث خاطیو ںکی نشاندہی کے لئے اطلاع دینے والوں کیلئے دو لاکھ روپئے انعام کا اعلان کیا ہے ۔ ایک سرکاری ترجمان نے کہاکہ خاطیوں کے بارے میں معلومات رکھنے والا کوئی بھی شخص ہریانہ ریلوے پولیس سربراہ ، فریدآباد ریلوے کے ایڈیشنل ڈپٹی چیف اور فریدآباد جی آر پی اسٹیشن ہاؤز آفیسر کو مطلع کرسکتا ہے ۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ’’خاطیوں کی نشاندہی میں مدد کرنے والے کسی بھی شخص کو پولیس دو لاکھ روپئے کا انعام دے گی ‘‘ ۔ ترجمان نے کہاکہ ’’ معلومات فراہم کرنے والے شخص کی شناخت کو راز میں رکھا جائے گا‘‘۔ 22 جون کو بلبھ گڈھ اور متھرا ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان دہلی ۔ متھرا پاسنجر ٹرین میں سوار ہونیو الے 17 سالہ جنید کو ہلاک کرنے کے واقعہ کے ضمن میں تاحال پانچ افراد کو گرفتار کیا گیاہے ۔ ایک ہجوم نے جنید اور اس کے بھائیوں کے خلاف اہانت آمیز فقرے کستے ہوئے ان پر حملہ کردیا تھا۔ اس واقعہ میں جنید کی موت ہوگئی تھی جبکہ شدید زدوکوب کے نتیجہ میں اس کے بھائی ہاشم اور شاکر زخمی ہوگئے تھے ۔ مہلوک کے بھائیوں نے کہاکہ حملہ آور انھیں بار بار ملک دشمن اور بیف کھانے والے کہہ کر اہانت کررہے تھے ۔ پولیس نے قبل ازیں خاطیوں کی گرفتاری کاموجب بننے والی باوثوق اطلاعات فراہم کرنے والوں کیلئے ایک لاکھ روپئے کا انعام کا اعلان کیا تھا ۔ اس بہیمانہ واقعہ پر ملک بھر میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی تھی ۔