جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر پاکستان سے ہندوستان کا سخت احتجاج

جموں /29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آج پاکستان سے جنگ بندی کی بار بار خلاف ورزیوں پر سخت احتجاج درج کروایا۔ بی ایس ایف اور پاکستان رینجرس کے کمانڈر کی سطح کے اجلاس میں، جو ہند۔ پاک سرحد پر ان خلاف ورزیوں کی وجہ سے کشید پیدا کرچکی ہے، ایک فلیگ میٹنگ منعقد کی گئی تھی۔ یہ ڈی آئی جی بریگیڈ کمانڈر سطح کا اجلاس تھا۔ جاریہ ماہ میں تاحال پاکستان نے جنگ بندی کی 24 خلاف ورزیاں کی ہیں۔ دو دیہاتی ہلاک اور دیگر 17 افراد بشمول 4 بی ایس ایف سپاہی زخمی ہوچکے ہیں۔ کمانڈنٹ سطح کی فلیگ میٹنگ زیرو لائن پر ہندوستان کی بلارڈ چوکی اور پاکستان کی عمران چوکی کے درمیان منعقد کی گئی تھی۔ 27 اگست کو ہندوستان اور پاکستان نے فلیگ میٹنگس کا احیا کیا تھا۔ اکھنور سیکٹر میں نیکو وال سرحدی چوکی پر پہلا اجلاس منعقد کیا گیا تھا۔