امبالہ ؍ نئی دہلی۔ 14 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) انڈین ایرفورس کا جاگوار طیارہ جوکہ دشمن کے اندرونی علاقوں تک حملہ اور ایٹمی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے، امبالہ فضائیہ کے اڈہ سے پرواز کے تھوڑی دیر بعد ہی آگ کی لپیٹ میں آگیا، تاہم پائیلٹ بحفاظت باہر نکلنے میں کامیاب ہوگیا۔ ووزارت دفاع کے ذرائع نے بتایا کہ ٹیک آف کے دوران پائیلٹ نے یہ محسوس کیا کہ انجن سے چنگاریاں نکل رہی ہیں، جس کے فوری بعد طیارہ کی پرواز روک دی گئی اور پائیلٹ بحفاظت باہر نکل آیا۔ اس واقعہ کی کورٹ آف انکوائری کا حکم دے دیا گیا۔ قبل ازیں ہفتہ کے دن بھی ایم آئی جی۔ 21 ٹرینر ایرکرافٹ راجستھان کے ضلع بارمیر میں گر کر تباہ ہوگیا تھا لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ایمبرئر دفاعی سودا ۔ سی بی آئی سے جانچ کی درخواست
نئی دہلی، 14 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزارت دفاع نے برازیل کی طیارہ ساز کمپنی ایمبر ئر کے ساتھ 21 کروڑ امریکی ڈالر کے دفاعی سودے میں رشوت لئے جانے کے الزامات کی جانچ کے لئے سی بی آئی سے درخواست کی ہے ۔سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو آج یہاں بتایا ہے 2008 میں یو پی اے سرکار کے زمانہ میں ہوئے اس قرار میں دلالوں کے مبینہ طور سے ملوث اور رشوت لینے کے الزامات کی جانچ کے لئے سی بی آئی کو خط لکھا ہے ۔امریکہ اور برازیل کے میڈیا کی مشترکہ تحقیقات میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ ہندوستان کوائربورن ارلی وارننگ (قبل از وقت خبردار کرنے ) کے لئے تین ایمبرئر طیاروں کی سپلائی سے متعلق سودے میں برطانیہ کے دلال ملوث ہیں۔