بیجنگ ۔ 3 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر ژی جن پنگ نے چینی مسلح افواج کو ہدایت دی ہیکہ اپنی لڑاکا صلاحیتوں اور جنگ کی تیاری میں بہتری لائے، سرکاری میڈیا رپورٹ میں آج یہ بات کہی گئی۔ جن پنگ جو کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (سی پی سی) کی سنٹرل کمیٹی کے جنرل سکریٹری اور سنٹرل ملٹری کمیشن (سی ایم سی) کے صدرنشین بھی ہیں، انہوں نے یہ ریمارکس سی ایم سی کمانڈ سنٹر کا اس کے کمانڈر انچیف کی حیثیت سے معائنہ کرتے ہوئے کئے۔ سرکاری نیوز ایجنسی ژنہوا نے جن پنگ کے حوالہ سے کہاکہ سی ایم سی کو مسلح افواج کی قیادت کرتے ہوئے حسب ضرورت لڑائی اور جنگیں جیتنے کیلئے تیار رہنا ہوگا اور پارٹی اور عوام کی طرف سے انہیں تفویض کردہ نئے دور کے مہمات کو انجام دینا چاہئے۔ سی ایم سی دنیا کی سب سے بڑی آرمی 2.3 ملین (23 لاکھ) رکنی چائنیز پی ایل اے کا مجموعی ہائی کمان ہے۔ یہ دوسری مرتبہ ہے کہ جن پنگ نے اپنی دوسری میعاد شروع ہونے کے بعد سے مسلح افواج کے رول کو اجاگر کیا۔ انہیں برسراقتدار سی پی سی کی یہاں 24 اکٹوبر کو اختتام پذیر کلیدی کانگریس کی توثیق کے بعد دوسری میعاد حاصل ہوئی ہے۔