جنونی شخص نے اپارٹمنٹ میں آگ لگا دی ، بھاگنے والوں کو چاقو گھونپ دیا

سیئول۔ 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایک عجیب و غریب واقعہ میں جنوبی کوریا کے ایک شخص نے اپنے اپارٹمنٹ کو آگ لگا دی اور بعدازاں آگ سے بچنے کیلئے جو پڑوسی نکل بھاگنے کی کوشش کررہے تھے، انہیں چاقو گھونپ کر زخمی کردیا۔ اب تک پانچ افراد کے ہلاک ہونے اور زائد از ایک درجن افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ دریں اثناء نے بتایا کہ 42 سالہ شخص کے چہارشنبہ کی اولین ساعتوں میں اپارٹمنٹ میں آگ لگانے کے بعد دوسری منزل پر ان پڑوسیوں کا انتظار کرنے لگا جو آگ سے بچنے کیلئے نیچے کی طرف اُترنے لگے اور وہاں بالکل بھگدڑ کا عالم تھا۔ جیسے ہی وہ نیچے آئے، ملازم انہیں چاقو گھونپ دیتا۔ جن پانچ لوگوں کو اس نے چاقو گھونپ کر ہلاک کیا، ان میں 12 سال کی ایک لڑکی میں شامل ہے۔ دریں اثناء مذکورہ اپارٹمنٹ کے ایک مکین نے یوناپ خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ اس نے بھی فائر الارم سننے کے بعد نکل بھاگنے کی کوشش کی لیکن جیسے ہی اس نے دوسری منزل پر ڈھیر سارا خون بہتے ہوئے دیکھا تو دوبارہ اپارٹمنٹ میں واپس ہوگیا۔ اس نے بتایا کہ جنونی حملہ آور کے دونوں ہاتھوں میں چاقو تھے۔ پولیس نے بالآخر اسے گرفتار کرلیا۔ جب اس سے پوچھا گیا کہ اس نے ایسا کیوں کیا تو اس نے بتایا کہ اس نے کچھ دشمن عناصر کے خلاف یہ کارروائی کی۔