جنوبی یمن میںفوجی کارروائی ، 40 القاعدہ جنگجو ہلاک

عدن ۔/4 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی یمن میں آج بہت بڑی فوجی کارروائی کے دوران القاعدہ کے 40 مشتبہ جنگجوؤں کو ہلاک کردیا گیا ۔ فوجی کارروائی کے چھٹویں دن گھمسان کی لڑائی ہوئی جس میں درجنوں جنگجو زخمی ہوئے ہیں ۔ سب سے زیادہ ہلاکتیں صوبہ شبوہ میں ہوئی ہیں ۔ فوجی عہدیداروں نے بتایا کہ جزیرہ عربیہ میں القاعدہ کے خلاف جاری کارروائی کے دوران زیادہ تر القاعدہ جنگجو مارے گئے ۔ مرنے والوں یا زخمیوں میں اکثریت سعودی ، افغانی ، صومالی ، چیچنیائی اور دیگر ملکوں کے شہریوں کی ہے ۔ فوجی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ جنگی طیاروں کی حمایت میں فوج نے اسی صوبہ کے ایک علاقہ میں 5 مشتبہ القاعدہ جنگجوؤں کو ہلاک کردیا تھا ۔

یمن کی وزارت دفاع نے کہا کہ فوج نے آبین اور شبوہ صوبوں میں جنگجوؤں کے خلاف شدت سے کارروائی کی گئی ہے ۔ یمن میں سرگرم جزیرے نما عرب میں القاعدہ نامی گروپ کو سب سے خطرناک شاخوں میں سے ایک قرار دیا جاتا ہے ۔ جنوبی علاقہ کے ایک بڑے حصے پر ان جنگجوؤں نے اپنا قبضہ کیا ہے ۔ القاعدہ کے مشتبہ گروپ کی سرکوبی کیلئے فوج سرگرم ہے ۔ ان کے قبضے سے یہ علاقہ آزاد کرانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ آج یمن کی فوج نے بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے 40 جنگجوؤں کو ہلاک کردیا ۔ اسی صوبہ میں جنگجوؤں نے فوجی چوکی پر خودکش حملہ کیا تھا جس میں 6 فوجی جوان ہلاک ہوئے تھے ۔ اس جزیرہ نما عرب میں القاعدہ کا قیام 2009 ء سے ہوا ہے ۔