جنوبی ہند ریاستوں کے وزرائے ٹرانسپورٹ کی گوا میں کانفرنس

تلنگانہ سے پی مہیندر ریڈی اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے عہدیداروں کی شرکت
حیدرآباد ۔ 9 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : جنوبی ہند ریاستوں کے وزرائے ٹرانسپورٹ کی گوا میں منعقد ہونے والی دو روزہ کانفرنس میں شرکت کرنے کے لیے وزیر ٹرانسپورٹ ریاست تلنگانہ مسٹر پی مہیندر ریڈی گوا روانہ ہوئے ۔ اس کانفرنس میں تلنگانہ ، آندھرا پردیش ، کیرالا ، ٹاملناڈو ، کرناٹک ، مہاراشٹرا ، پانڈیچری ، ریاستوں کے وزرائے ٹرانسپورٹ اور اعلیٰ عہدیداران محکمہ ٹرانسپورٹ شریک ہوں گے ۔ ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ کانفرنس میں ملک گیر سطح پر سلسلہ وار پیش آنے والے والوو بس حادثات کے واقعات اور ان واقعات کے انسداد کے لیے انجام دئیے جانے والے احتیاطی اقدامات پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس کانفرنس میں سرحدی ریاستوں کے ساتھ ٹرانسپورٹ سہولتوں کی فراہمی روڈ سیفٹی اور مرکزی حکومت کے نافذ کردہ ٹرانسپورٹ قانون 2014 جیسے اہم موضوعات بھی زیر غور اور تفصیلی طور پر موضوع بحث رہیں گے ۔ مذکورہ ان موضوعات پر وزرائے ٹرانسپورٹ اور اعلیٰ عہدیداران محکمہ ٹرانسپورٹ کی موجودگی میں تفصیلی غور و خوص کیا جائے گا ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ وزیر ٹرانسپورٹ تلنگانہ مسٹر پی مہیندر ریڈی نو تشکیل شدہ ریاست تلنگانہ میں ٹرانسپورٹ نظام ، سہولتوں اور قوانین پر تفصیلی روشنی ڈالیں گے اور اجلاس میں تلنگانہ حکومت کے اقدامات سے واقف کروائیں گے ۔۔