سیول ۔ 18 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ جنوبی کوریا کے ساتھ تعاون کے لامحدود امکانات موجود ہیں کیونکہ ہندوستان معاشی اعتبار سے عبوری دور سے گذر رہا ہے ۔ دونوں ممالک اس علاقہ کے پرامن ہونے کی صورت میں ترقی کرسکتے ہیں۔ وہ صدرجنوبی کوریا پارک گیون ہائی کی اُن کے اعزاز میں ترکیب دی ہوئی دعوت سے خطاب کررہے تھے ۔ انھوں نے کہاکہ ہم دو بڑی ایشیائی جمہوریتیں ہے ۔ ہندوستان کے ساتھ معاشی تعاون کے لامحدود امکانات موجود ہیں ، ہمارے مقدر اور ایشیا کا مستقبل جنوبی کوریا سے مربوط ہے ۔ اگر علاقہ پرامن رہے ، آبی گذرگاہیں محفوظ اور آزاد ہوں تو ہم اپنی سائبر دنیا کو اور طبعی دنیا کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ انھوں نے دل کھول کر صدر پارک کی ستائش کی اور کہاکہ آپ اس علاقہ اور دنیا بھر کی انتہائی قابل ستائش قائد ہیں ،آپ اپنی مخالفت سے طاقت حاصل کرتی ہیں ۔ عشائیہ کے بعد ایک تہذیبی پروگرام پیش کیا گیا جس میں بچوں نے ہندی گیت ’’چل ، چل ، چل میرے ساتھی ‘‘ سنایا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ انھیں رابندر ناتھ ٹائیگور کی نظم یاد آگئی جس میں انھوں نے کوریا کو ’’مشرق کا چراغ ‘‘ قرار دیا تھا ۔