سیول ، 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کوریا کے ایک اسپتال میں آج آتشزدگی سے 21 افراد ہلاک اور سات زخمی ہو گئے۔ عہدیداروں کے مطابق یہ واقعہ معمر افراد کے ایک اسپتال میں پیش آیا۔ جنگ سیانگ میں واقع اسپتال کی دوسری منزل پر آگ بھڑک اٹھی جہاں زیادہ تر 70 سے 80 سال کی عمر کے لوگ زیر علاج تھے۔ آتش فرو عملے کے ایک عہدہ دار لی من ہو نے کہا کہ حادثے کا شکار ہونے والوں میں سے چھ افراد کی حالت نازک ہے۔ لی نے کہا کہ جب عمارت میں آگ لگی تو وہاں 34 افراد موجود تھے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ زیادہ تر ہلاکیتں دھوئیں کے باعث دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئیں۔ اسپتال کے منتظم لی ینگ سیوک نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے سامنے آ کر اس حادثے پر دلی معذرت کا اظہار کیا۔ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب جنوبی کوریا میں لوگ 16 اپریل کو کشتی ڈوبنے کی وجہ سے 300 افراد کی ہلاکت پر اب بھی افسردہ ہیں۔