جنوبی کشمیر کے پلوامہ میں مسلح تصادم، 2 جنگجو ہلاک

سری نگر، یکم فروری (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات کے دوران ہونے والے ایک مسلح تصادم میں دو جنگجو مارے گئے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ پلوامہ کے دربگام میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فوج اور ریاستی پولیس کے ایس او جی نے گذشتہ رات مذکورہ علاقہ میں کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مشتبہ جگہ کی جانب پیش قدمی کے دوران وہاں موجود جنگجوئوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے جوابی فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے مابین مسلح تصادم چھڑ گیا جس میں دو جنگجو مارے گئے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مارے گئے جنگجوئوں کی شناخت معلوم کی جارہی ہے ۔ ریاستی پولیس نے مسلح تصادم میں دو جنگجوئوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے ۔ کشمیر زون پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا کہ پلوامہ آپریشن میں دو جنگجو مارے گئے۔ شناخت اور وابستگی معلوم کی جارہی ہے، اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔