جنوبی کشمیر میں جنگجوؤں کی ہلاکت کیخلاف ہڑتال و جھڑپیں

سری نگر27مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے پلوامہ اور شوپیان اضلاع کے بعض حصوں میں پیر کے روز دو مقامی جنگجوؤں کی ہلاکت کے خلاف مکمل ہڑتال کی گئی جس کے دوران سیکورٹی فورسز اور احتجاجیوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔خیال رہے کہ ضلع پلوامہ کے پدگام پورہ میں اتوار کو پیش آئی مختصر جھڑپ میں حزب المجاہدین سے وابستہ دو مقامی جنگجوؤں رئیس احمد اور فاروق احمد حرہ کو ہلاک کیا گیا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق جنگجوؤں کی ہلاکت کے خلاف دونوں اضلاع کے کچھ علاقوں میں شدید احتجاجی مظاہرے ہوئے جس کے دوران سیکورٹی فورسز نے پتھراؤ کے مرتکب احتجاجیوں کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔ ان احتجاجی مظاہروں میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق جنگجوؤں کی ہلاکت کے خلاف جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ، پدگام پورہ، قصبہ پلوامہ و شوپیان، نازنین پورہ، ترال، راجپورہ نیوہ ، رتنی پور اور کاکہ پورہ میں مکمل ہڑتال رہی۔ ان علاقوں میں دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی۔ تاہم کشمیر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت معمول کے مطابق جاری ہے ۔ ان علاقوں میں بیشتر تعلیمی ادارے بند رہے جبکہ سرکاری دفاتر میں معمول کا کام کاج متاثر رہا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ دونوں اضلاع میں امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے ۔ دریں اثنا مہلوک جنگجوؤں کے جلوس جنازہ میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔