جنوبی شام کے سویدا میں خودکش حملہ ہلاکتوں کی تعداد 250 ہوگئی

بیروت ۔ 26 جولائی (سیاست ڈام کام) جنوبی شام میں دولت اسلامیہ گروپ کے خودکش حملوں اور فائرنگ میں ہلاکتوں کی تعداد 250 ہوگئی جن میں نصف تعداد بے قصور شہریوں کی ہے۔ ملک میں گذشتہ سات سالوں سے جاری خانہ جنگی میں تازہ ترین حملہ سویدا میں کیا گیا جو ایک گنجان آبادی والا دیہات ہے۔ سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے بتایا کہ دن اور رات کے اوقات میں مہلوکین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا کیونکہ جو لوگ شدید زخمی ہوئے تھے وہ بھی زخموں سے جانبر نہ ہوسکے۔ آبزرویٹری سربراہ رمی عبدالرحمن نے کہا کہ افسوس کی بات یہ ہیکہ مہلوکین کی نصف تعداد بے قصور اور معصوم شہریوں کی ہے جبکہ دیگر مہلوکین میں حکومت حامی جنگجو یا وہ لوگ شامل ہیں جنہوں نے اپنے مواضعات کے دفاع کیلئے ہتھیار اٹھا لئے تھے۔ اس حملہ کی ذمہ داری دولت اسلامیہ نے لی ہے۔