طرابلس ۔ 30 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام)شامی افواج نے ملک کے جنوبی علاقوں میں باغیوں کیخلاف بڑی کارروائی شروع کردی ہے۔ گذشتہ کئی ماہ میں پہلی مرتبہ سرکاری افواج کی جانب سے جنوبی علاقوں میں مخالف حکومت باغیوں کیخلاف اتنی بڑی کارروائی کی جا رہی ہے۔شامی فوج کے ترجمان نے کہا کہ انھوں نے باغیوں کے زیر اثر شہر شیخ مسکین میں بریگیڈ 82 نامی مقام سے فوجی اڈہ واپس حاصل کر لیا ہے تاہم باغی ذرائع نے اس دعویٰ کی تردید کی ہے۔ جاریہ سال کے آغاز میں مخالف حکومت باغیوں نے اس فوجی اڈے پر قبضہ کر لیا تھا جس سے سرکاری فوج کو جنوب میں نقل و حمل متاثر ہونے کا خطرہ تھا۔ سرکاری افواج نے شہر درعا کی جانب پیشقدمی کی ہے۔درعا سے ہی شامی صدر بشار الاسد کیخلاف احتجاجی تحریک شروع ہوئی تھی۔شام کے یہ جنوب مغربی علاقے ان مخالف حکومت طاقتوں کا گڑھ ہیں جو تاحال جہادی گروپوں کیساتھ شامل نہیں ہیں اور ان کے قبضے میں کافی علاقہ ہے۔شامی فوجی کی یہ کارروائی اس لیے اہم ہیکہ تین ماہ قبل شامی حکومت کیلئے روسی فضائی کارروائیوں کے آغاز کے بعد پہلی مرتبہ سرکاری افواج جنوبی علاقوں میں بڑی کارروائی کی کررہی ہیں۔