جنوبی سوڈان میں 200 سے زائد بچوں کی رہائی

اقوام متحدہ 19 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) اقوام متحدہ نے کہا کہ زائد از 200 بچوں کو جنوبی سوڈان میں مسلح گروپس کی جانب سے رہا کردیا گیا ہے ۔ ان بچوں کو قبل ازیںیرغمال بنالیا گیا تھا ۔ اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایک تقریب کی ویڈیو جاری کی گئی جس میں بچوں کی رہائی عمل میں آئی ۔ اس طرح جاریہ سال اب تک مسلح گروپس کی جانب سے رہا کئے گئے بچوں کی تعداد 806 تک پہونچ گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان میں تین لڑکیاں بھی شامل ہیں۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار بھی کیا کہ جاریہ سال ہی مزید بچوں کو مسلح گروپس کی جانب سے رہا کیا جاسکتا ہے جس کے بعد رہائی پانے والوں کی تعداد ایک ہزار سے متجاویز بھی ہوسکتی ہے ۔ یہ امید کی جا رہی ہے کہ باغی گروپس جلد ہی مزید بچوں کی رہائی کا اعلان کرینگے ۔