جنوبی سوڈان میں امن کا نیا منصوبہ

عدیس ابابا ، 11 جون (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی سوڈان کے صدر سلوا کیر اور باغی رہنما ریک مچار فائر بندی کے اور عبوری حکومت کے قیام پر متفق ہو گئے ہیں۔ اس افریقی ملک میں گزشتہ چھ ماہ سے خانہ جنگی کی سی کیفیت ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارہ اے ایف پی نے عدیس ابابا کی اطلاعات کے حوالے سے بتایا ہے کہ صدر سلوا کیر اور سابق نائب صدر ریک مچار کے مابین ہونے والی ملاقات میں طے پایا ہے کہ ساٹھ دنوں کے اندر اندر جنوبی سوڈان میں عبوری حکومت تشکیل دے دی جائے گی۔ ان دونوں رہنماؤں نے منگل کو ایتھوپیا کے دارالحکومت میں براہ راست ملاقات کے دوران اس نئی معاملت کو حتمی شکل دی۔

امریکی صدر کی نئے صدر مصر سیسی کو مبارکباد
واشنگٹن۔ 11 جون (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ براک اوباما نے نئے صدر مصر عبدالفتح السیسی کو ٹیلیفون کرکے ان کی حلف برداری پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ وہ مصر اور امریکہ کے مشترکہ مفادات کو آگے بڑھانے کے لئے ان کے ساتھ اشتراک و تعاون کے پابند ِ عہد ہیں۔ اوباما نے کہا کہ امریکہ، مصری عوام کی سیاسی، معاشی اور سماجی اُمنگوں کی تائید جاری رکھے گا اور ان کے عالمی حقوق کا احترام کرے گا۔ پیام مبارکباد آج وائیٹ ہاؤز سے جاری کیا گیا۔