جنوبی تھائی لینڈ میں حملہ ، 4 افراد ہلاک

بنکاک۔ 2 فروری (سیاست ڈاٹ کام)تھائی لینڈ کے انتہائی جنوبی تشدد سے متاثرہ علاقہ میں پولیس اسٹیشن کے قیام کی کوشش پر شورش پسندوں نے گھات لگاکر حملہ کیا جس میں 3 فوجی اور ایک سرکاری عہدیدار ہلاک ہوگئے۔ سرکاری خبر کے بموجب یہ چاروں ہلاکتوں کل رات دیر گئے پیش آئیں جبکہ ان کی گاڑی پر ایک لب سڑک بم دھماکے سے حملہ کیا گیا اور بعدازاں عسکریت پسندوں نے فائرنگ شروع کردی۔ پٹانی کی مقامی پولیس کے بموجب ملائیشیا کی سرحد سے متصل مسلم غالب آبادی والے علاقہ میں جہاں شورش پسندی گزشتہ دس سال سے عروج پر ہے، حملہ کرتے ہوئے 4 افراد کو ہلاک کردیا گیا۔

ان ہلاکتوں کا تعلق آج کے عام انتخابات سے نہیں ہے جس کے لئے حکومت مخالف احتجاجیوں نے بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حکومت کی جانب سے تھائی لینڈ میں کثیر تعداد میں مراکز رائے دہی قائم کئے گئے ہیں جن میں بیشتر کو احتجاجیوں نے بند کروادیا۔ الیکشن کمیشن کے جنرل سکریٹری پوچھانگ نوٹراوانگ کے بموجب مہلوکین میں ایک نائب ضلعی سربراہ بھی شامل ہیں جو بم حملے اور فائرنگ کے دوران ہلاک ہوا، تاہم ان کے خیال میں ان ہلاکتوں کا تعلق ملک میں جاری انتخابات سے نہیں ہے۔ تاحال 5,900 افراد احتجاج کے دوران ہلاک ہوچکے ہیں جن میں سے اکثریت شہریوں کی ہے۔ جنوبی تھائی لینڈ میں گزشتہ 10 سال سے احتجاج جاری ہے۔