جنوبی بحر چین پر ملکیت کے دعوے پر چین اٹل

بیجنگ 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اپنے علاقائی دعوؤں پر عمل آوری کی مہم میں وسعت پیدا کرتے ہوئے چین نے کہاکہ وہ پولیس کی طاقت کو متنازعہ بحر چین میں استعمال کرے گا اور غیرملکی ماہی گیروں سے حکومت چین کا جاری کردہ اجازت نامہ طلب کرے گا جس سے اُنھیں اِس وسیع و عریض اور دفاعی اہمیت کے آبنائے میں ماہی گیری کا حق حاصل ہوا ہے۔ اِس اقدام پر جاریہ ماہ سے عمل کیا جائے گا۔ قبل ازیں اواخر نومبر میں چین نے ایک نئے فضائی دفاعی نظام کا اعلان کیا تھا جس کے تحت غیر ملکی طیاروں کو اپنی جنوبی اور مشرقی بحر چین پر پرواز کی اطلاع حکومت چین کو دے کر اُس سے اجازت حاصل کرنے کا لزوم عائد کیا گیا تھا۔ اِس کے بعد دیگر ممالک کے ساتھ چین کے تعلقات کشیدہ ہوگئے۔ یہ علاقہ اِس لئے بھی متنازعہ ہے کیونکہ اِس پر جاپان بھی اپنی ملکیت کا دعویٰ کرتا ہے۔ اِن اقدامات سے اندیشے پیدا ہوگئے ہیں کہ صدر چین ژی جن پنگ چین کے اقتدار کا پرزور اظہار چاہتے ہیں اور

یہ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ چین ایک علاقائی طاقت ہے جو اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ صف آرائی کرسکتا ہے۔ ہانگ کانگ یونیورسٹی کے شعبہ چینی سیاست کے ماہر جوزف چینگ نے کہاکہ اِس قسم کا خودمختاری کا اظہار یا علاقائی دعوے جاری رہیں گے۔ صدر چین سمجھتے ہیں کہ وہ ایسا نہ کرنے کی صورت میں دنیا بھر کے ممالک اُنھیں ایک نرم شخصیت تصور کریں گے۔ متنازعہ آبی علاقہ جنوبی بحر چین کے قریب 35 لاکھ مربع کیلو میٹر کا وسیع و عریض علاقہ ہے جو ایک مجمع الجزائر کا احاطہ کرتا ہے۔ جس پر ملکیت کا چین کے علاوہ جاپان ، ویتنام ، فلپائن اور دیگر ممالک بھی دعویٰ کرتے ہیں۔

کینیڈا میں مال گاڑی کو آگ لگ گئی
پلاسٹراک (کینیڈا) ۔ 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کینیڈا میں ایک مال گاڑی جس میں کروڈ آئیل اور پروپین تھا، اچانک پٹری سے اتر گئی اور اسے آگ لگ گئی۔ حکام نے فضائی نگرانی کے ذریعہ قریبی علاقہ میں رہنے والے کئی افراد کا تخلیہ کرادیا۔ سی بی سی نیوز کے مطابق اس واقعہ میں کسی کے ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ اس علاقہ میں ٹرین کے پٹریوں سے اترنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے جس پر حکام نے تشویش کا اظہار کیا ہے بالخصوص شمالی امریکہ کو ٹرین کے ذریعہ تیل کی منتقلی پر بھی تشویش ظاہر کی گئی ہے۔ جولائی میں اسی طرح کے کروڈ آئیل سے لدی ٹرین پٹرویوں سے اترنے کی وجہ سے 47 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔