جوہانسبرگ ۔ 27 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے ’’میک اِن انڈیا‘‘ مہم کے آغاز کے بعد جنوبی افریقہ کی تاجربرادری نے اس مہم کا زبردست خیرمقدم کیا ہے جو ہندوستان کے ساتھ باہمی تجارت کے زیادہ سے زیادہ مواقع حاصل کرنے کی خواہاں ہے۔ اس موقع پر جوہانسبرگ میں ہندوستانی مشن کے سربراہان نے ایک اجلاس کے دوران اپنے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا ۔ مثال کے طورپر جنوبی افریقہ قابل تجدید توانائی کے شعبہ کو مزید توسیع دینے کا منصوبہ رکھتا ہے جبکہ ہندوستان اس بات کا خواہاں ہیں کہ وہ ایسے تمام آلات او رساز و سامان خود تیار کرے جو قابل تجدید توانائی پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہوں اور جس کے مصارف بھی کم سے کم ہوں۔ ہندوستان کے قونصل جنرل رندھیر جیسوال نے یہ بات کہی ۔ دریں اثناء جنوبی افریقہ میں ٹاٹا کی نمائندگی کرنے والے رمن دھونی جو حال ہی میں اپنی خدمات سے سبکدش ہوئے ہیں نے کہاکہ یہ ہمارے لئے یقینا ایک عظیم دن ہے کہ ہم ’’میک ان انڈیا‘‘ کے منصوبوں کے بارے میں وقتاً فوقتاً واقفیت حاصل کررہے ہیں ۔