جنوبی افریقہ کی تقریب میں ہندوستان کی جانب سے آیوروید طریقہ علاج کی تشہیر

جوہانسبرگ۔23 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ایورویدک طریقہ علاج میں امکانات کو اُجاگر کرتے ہوئے ہندوستان نے جنوبی افریقی کاروباری شعبہ کے قائدین سے کہا کہ ہندوستانی کلچر ‘ بزنس اور پکوان کی ترکیبیں انتہائی بہترین ہیں ۔ اس کا مقصد باہمی تجارت میں اضافہ ہے ۔ ہندوستان کے قونصل جنرل رندھیر جیسوال نے کہا کہ ہندوستان کی نئی حکومت آیوروید طریقہ علاج کی حوصلہ افزائی کررہی ہے ۔ نئی وزارت اور نیا وزیر اس پر توجہ دے رہا ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ یوگا بھی ترقی پارہا ہے اور عنقریب بین الاقوامی یوم یوگا منایا جائے گا جس کیلئے ہندوستان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں قرارداد پیش کردی ہے ۔ انڈیا ویک کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل نے کہا کہ گورڈن انسٹی ٹیوٹ آف بزنس سائنس پریٹوریا یونیورسٹی اور انڈیا بزنس فورم کے درمیان اس سلسلہ میں تعاون کا معاہدہ ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ ہندوستان کیلئے کافی فائدہ بخش ملک ہے جہاں فوڈ پراسیسنگ ‘ تعمیرات ‘ دفاع ‘ کانکنی ‘ سیاحت اور ٹکنالوجی کے شعبوں میں باہمی تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں ۔