جنوبی افریقہ میں ہندوستانی سنیما کے روح رواں موسیٰ موسیٰ کا انتقال

جوہانسبرگ ۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ میں ہندوستانی سنیما کے روح رواں سمجھے جانے والے موسیٰ موسیٰ انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 75 سال تھی۔ اتوار کے روز قلب کی سرجری کے دوران ان کے قلب پر حملہ ہوا جس سے وہ جانبر نہ ہوسکے۔ کل ان کی تدفین عمل میں آئی۔ موسیٰ موسیٰ کو دنیا میں کسی بھی سنیما گروپ کا سب سے طویل عرصہ تک برقرار رہنے والے ایگزیکیٹیو کی حیثیت سے یاد کیا جاتا ہے جہاں ہالی ووڈ اور ہندوستانی فلمی صنعت سے ان کے گہرے تعلقات تھے۔ ہالی ووڈ کی مشہور کمپنی ٹوینئیتھ سنچری فاکس سے ان کی رفاقت طویل ترین رہی۔ 2007ء میں مرحوم کو جنوبی افریقہ کی فلم اینڈ ٹیلیویژن انڈسٹری نے کارنامہ حیات ایوارڈ سے نوازا تھا۔ جیسے ہی ان کے انتقال کی خبر عام ہوئی، عالمی سطح پر تعزیتی پیغامات موصول ہونا شروع ہوگئے۔ موسیٰ موسیٰ کے ایولون سنیما گروپ کو ان کے والد نے 79 سال قبل شروع کیا تھا جو آج بھی ہندوستانی ملکیت والا واحد سنیما گروپ ہے جبکہ قبل ازیں 18 سنیما گھروں کو جنوبی افریقہ میں نسلی منافرت کے دور میں یہ کہہ کر منہدم کردیا گیا تھا کہ املاک رکھنے کا حق صرف ملک کی سفیدفام اقلیتوں کو ہے۔