جنرل کیمپبل افغانستان کیلئے نئے امریکی کمانڈر

واشنگٹن ۔ 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر براک اوباما نے جنرل جان کیمپبل کو افغانستان کے لیے نیا کمانڈر نامزد کیا ہے۔ امریکی محکمہ دفاع کے مطابق وہ جوزف ڈنفورڈ کی جگہ افغانستان میں امریکی اور بین الاقوامی دستوں کی سربراہی کریں گے۔ وہ اس سے قبل بھی افغانستان میں تعینات رہ چکے ہیں۔ ساتھ ہی اوباما نے خصوصی امریکی دستوں کی ذمہ داری لیفٹیننٹ جنرل جوزیف ووٹل کو سونپی ہے جبکہ ایڈمرل بل گورٹنی شمالی کمانڈ کے سربراہ ہوں گے۔ جنرل کیمپبل یہ ذمہ داری ایک ایسے وقت میں سنبھال رہے ہیں، جب امریکہ ، افغانستان سے اپنے فوجیوں کے انخلاء کی رفتار کے بارے میں مذاکرات میں مصروف ہے۔ امریکہ نے 2014ء کے بعد بھی محدود تعداد میں فوجیوں کو افغانستان میں رکھنے کا معاہدہ کرنا چاہا تھا، لیکن صدر حامد کرزئی نے دستخط سے انکار کردیا۔