جنرل باجوہ کی وزیر خارجہ قطر سے ملاقات

اسلام آباد ۔21اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی فوجی سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اوراستحکام کیلئے کرداراداکرتارہے گا۔ جنرل باجوہ سے قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ محمد بن عبدالرحمان نے ملاقات کی۔ جس میں باہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔ قطری وفد نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں اورخطے میں امن واستحکام کیلئے پاکستان کی کاوشوں کوسراہا۔اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے مثبت کردارادا کرتا رہے گا۔ علاوہ ازیں ایرانی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری نے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کے ساتھ ٹیلی فونک رابطے میں پاک ۔ ایران سرحد پر ایرانی محافظوں کے اغوا میں ملوث دہشت گرد عناصر کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔جبکہ جنرل قمرجاوید باجوہ نے یقین دہانی کرائی کہ اغوا کرنے والے مجرم جلد پکڑے جائیں گے۔ ایرانی خبررساں ادارے کے مطابق جنرل باقری نے کہا کہ پاکستان ایرانی سرحدی محافظوں کو اغوا کرنے والے دہشت گرد عناصر کو فوری گرفتار کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کرے اور ایرانی سرحدی محافظوں بازیاب کرائے۔