حیدرآباد۔28اگست(سیاست نیوز) نائب وزیراعلی تلنگانہ ریاست جناب محمد محمودعلی اپنے سرکاری بیرونی دورے کے سلسلے میں اتوار کی ابتدائی ساعتوں میںراجیو گاندھی انٹرنیشنل ائیرپورٹ شمس آباد سے لندن کیلئے روانہ ہوئے ۔ نائب وزیر اعلی کا یہ دورہ کافی اہمیت کاحامل ہے کیونکہ نئے اضلاع کی تشکیل میںعصری ٹیکنالوجی کے استعمال اور برطانوی دارالحکومت لندن کے علاوہ امریکہ اور کینیڈا کے ریونیو نظام کا مشاہدہ کرنے کی غرض سے جناب محمد محمودعلی یہ بیرونی دورہ کررہے ہیں ۔ حیدرآباد سے روانگی کے بعد اتوار کی شب وہ لندن کے ہیتھروانٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچے جہاں پر ان کا والہانہ استقبال کیاگیا۔ ائیر پورٹ پر تلنگانہ این آر ائی سل مسٹرانل کرما چیرو ‘ محمدمجیب صدر حیدرآباد دکن اسوسیشن ‘ چندرشیکھر صدر تلنگانہ این آر ائی فورم کے علاوہ تلنگانہ جاگرتی لندن‘ یوکے تلنگانہ ڈیولپمنٹ فورم او ریورپ تلنگانہ ڈیولپمنٹ فورم کے ذمہ داران نے جناب محمد محمودعلی اور وفد کا شاندار استقبال کیا۔ لندن میں نائب وزیراعلی تلنگانہ کی ترقی کے لئے کام کررہے مختلف این آر ائی تنظیموں کے ذمہ داران اور یوکے کے سرکاری عہدیداروں سے ملاقات کریں گے ۔ جناب محمدمحمودعلی کے اعزاز میں اتوار کی شب ٹی آر ایس این آر ائی سل کی جانب سے تقریب منعقد کی گئی ہے ۔