اظہار مسرت،حافظ نوید افروز کا بیان
حیدرآباد۔/10اپریل، ( راست ) بی جے پی سے اتحاد کے بعد تلگودیشم پارٹی سے جناب زاہد علی خاں کے استعفی کا سعودی عرب کے مختلف شہروں میں مقیم حیدرآبادیوں کی جانب سے خیرمقدم کیا جارہا ہے۔ حافظ نوید افروز ( جدہ ) نے اپنے بیان میں کہا کہ جناب زاہد علی خاں کے استعفی کی اطلاع ملتے ہی جدہ اور دیگر شہروں میں مقیم حیدرآبادیوں نے اس فیصلہ کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ جناب زاہد علی خاں نے تلگودیشم کی فرقہ پرستی کو بے نقاب کرتے ہوئے اپنے ملی جذبہ کا ثبوت دیا ہے۔ افسوس اس بات پر ہے کہ تلگودیشم سے وابستہ دیگر اقلیتی قائدین ابھی بھی پارٹی سے جڑے ہوئے ہیں۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ان قائدین کو مسلمانوں کے جذبات کی کوئی قدر نہیں اور وہ اپنے حقیر سیاسی مفادات کیلئے پارٹی سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں اقلیتیں تلگودیشم کو مناسب سبق سکھائیں گے اور تلنگانہ سے پارٹی کا مکمل صفایا ہوجائے گا۔ حافظ نوید افروز نے تلگودیشم سے وابستہ تلنگانہ کے تمام قائدین اور کارکنوں سے مطالبہ کیا کہ وہ جناب زاہد علی خاں کے فیصلہ کی تقلید کرتے ہوئے فرقہ پرست تلگودیشم سے علحدگی اختیار کرلیں۔ انہوں نے کہاکہ چندرا بابو نائیڈو نے مسلمانوں سے بارہا یہ وعدہ کیا تھا کہ وہ دوبارہ بی جے پی سے اتحاد نہیں کریں گے لیکن اقتدار کی لالچ نے انہیں اس قدر اندھا کردیا کہ وہ سیکولرازم اور جمہوری اقدار کو فراموش کرچکے ہیں۔ چندرا بابو نائیڈو کو جان لینا چاہیئے کہ جناب زاہد علی خاں جیسی شخصیت کی پارٹی سے وابستگی کے سبب ہی اقلیتوں نے تلگودیشم کا ساتھ دیا تھا لیکن اب انتخابات میں تلگودیشم کا صفایا ہوجائے گا۔