جناب زاہد علی خاں کا تلگو دیشم سے استعفیٰ فرقہ پرستوں کے منہ پر طمانچہ

ایڈیٹر سیاست جمہوری اقدار و سیکولرازم کے علمبردار ، ایم ڈی ایف وفد کی جانب سے گلپوشی

حیدرآباد ۔ 14 ۔ اپریل : ( دکن نیوز ) : جناب عابد صدیقی صدر مینارٹیز ڈیولپمنٹ فورم نے آج اپنے بیان میں تلگو دیشم پولیٹ بیورو کے عہدہ سے جناب زاہد علی خاں کے استعفیٰ کو فرقہ پرست اور مفاد پرست سیاستدانوں کے منہ پر ایک طمانچہ قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ جناب زاہد علی خاں جمہوری اقدار و سیکولرازم کے علمبردار ہیں اور وہ اس بات کو کسی طرح بھی گوارہ نہیں کرسکے کہ فرقہ پرست جماعتوں سے سازباز کرنے والی سیاسی پارٹیوں کی حمایت کریں ۔ انہوں نے کہا کہ چند ماہ قبل ہی جناب زاہد علی خاں نے واضح طور پر اپنے سیاسی موقف کا اعلان کیا کہ اگر تلگو دیشم انتخابات میں بی جے پی سے اتحاد کرے گی تو وہ پارٹی سے مستعفی ہوجائیں گے ۔ انہوں نے نہ صرف اپنے وعدے کو پورا کیا بلکہ سیکولر اقدار کی پاسداری کا نہایت جرات مندی و بے باکی کے ساتھ مظاہرہ بھی کیا ۔ جناب عابد صدیقی کی زیر قیادت مینارٹیز ڈیولپمنٹ فورم کے ایک وفد نے جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست سے ملاقات کر کے ان کے جرات مندانہ اقدام پر مبارکباد دی ۔ اس وفد میں جناب ایم اے قدیر نائب صدر ، جناب احمد صدیقی مکیش آرگنائزنگ سکریٹری ، محترمہ خدیجہ سلطانہ سکریٹری شعبہ خواتین ، محمد نصر اللہ خاں پبلسٹی سکریٹری فورم بھی شامل تھے ۔۔