5 مارچ کو آمد ۔ گنبدان قطب شاہی کی تزئین کا معائنہ بھی کرینگے
حیدرآباد 27 فبروری ( این ایس ایس ) نائب صدر جمہوریہ جناب حامد انصاری دو روزہ دورہ پر 5 اور 6 مارچ کو حیدرآباد آئیں گے ۔ وہ مختلف محکمہ جات کے ایک رابطہ اجلاس میں عہدیداروں سے خطاب کرینگے ۔ جے اے ڈی کے پرنسپال سکریٹری آدھار سنہا نے ان محکمہ جات کے سکریٹریز سے کہا ہے کہ وہ نائب صدر کے دورہ حیدرآباد کیلئے خاطر خواہ انتظامات کریں۔ جناب حامد انصاری ریتو سنگھم کی 29 ویں نیشنل کانفرنس کا افتتاح کرینگے ۔ یہ کانفرنس 5 مارچ کو منعقد ہوگی ۔ جناب صدر تاریخی گنبدان قطب شاہی کی تزئین نو کے کاموں کا بھی معائنہ کرینگے اور 6 مارچ کو دہلی واپس ہوجائیں گے ۔ آدھار سنہا نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ شہر میں مناسب سکیوریٹی انتظامات کریں۔ شہر میں پینے کے پانی اور برقی کی مسلسل سربراہی کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کو باقاعدہ بنانے اور صفائی کے بھی مناسب انتظامات کئے جانے چاہئیں ۔ جناب حامد انصاری 5 مارچ کو سہ پہر 3.50 بجے بیگم پیٹ ائرپورٹ آئیں گے اور سیدھے نیشنل سمینار میں شرکت کیلئے آر ٹی سی ہال جائیں گے ۔ دوسرے دن جناب حامد انصاری گنبدان قطب شاہی کی تزئین نو کے کاموں کا جائزہ لیں گے اور دہلی واپس ہوجائیں گے ۔