جناب احمد ندیم کو محکمہ اقلیتی بہبود کی زائد ذمہ داری

پابند اصول اور سنجیدہ عہدیدار سے مشہور، ڈاکٹر ٹی رادھا سے جائزہ حاصل کرلیں گے ، جی او آر ٹی 98 جاری

حیدرآباد۔/26جون، ( سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے جناب احمد ندیم کمشنر ایکسائیز و پروہبیشن کو محکمہ اقلیتی بہبود کی زائد ذمہ داری تفویض کی ہے۔ اس طرح ڈاکٹر ٹی رادھا ( آئی اے ایس ) کو اقلیتی بہبود سکریٹری کی زائد ذمہ داری سے سبکدوش کردیا گیا۔ واضح رہے کہ جناب احمد ندیم ( آئی اے ایس ) کو سکریٹری اقلیتی بہبود کی حیثیت سے زائد ذمہ داری دیئے جانے کا انکشاف سب سے پہلے ’سیاست‘ نے کیا تھا۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی سطح پر منعقدہ اجلاس میں جناب احمد ندیم کے نام کو قطعیت دینے کی اطلاع سب سے پہلے ’سیاست‘ نے قارئین کو دی تھی۔ چیف سکریٹری تلنگانہ ڈاکٹر راجیو شرما نے آج اس سلسلہ میں جی او آر ٹی98 جاری کیا۔ واضح رہے کہ آندھرا پردیش کی دو ریاستوں میں تقسیم کے بعد اقلیتی بہبود تلنگانہ کے اُمور کی ذمہ داری ڈاکٹر ٹی رادھا پرنسپال سکریٹری سماجی بھلائی کو دی گئی تھی اور اسوقت کے اسپیشل سکریٹری جناب سید عمر جلیل کو آندھرا پردیش ریاست کے اقلیتی اُمور کی ذمہ داری دی گئی۔ جناب احمد ندیم اب کمشنر ایکسائیز و پروہبیشن کے ساتھ ساتھ سکریٹری اقلیتی بہبود کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔ 1997ء بیاچ سے تعلق رکھنے والے آئی اے ایس عہدیدار جناب احمد ندیم سابق میں بھی سکریٹری اقلیتی بہبود کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ 12 جون 2013ء کو انہیں سکریٹری اقلیتی بہبود مقرر کیا گیا تھا اور 22 اکٹوبر 2013ء کو ان کا تبادلہ کرتے ہوئے نیلم ساہنی ( آئی اے ایس ) کو اقلیتی بہبود کی ذمہ داری دی گئی تھی۔ جناب احمد ندیم کا شمار پابند اصول اور سنجیدہ عہدیداروں میں ہوتا ہے اور سابق میں چھ ماہ تک سکریٹری اقلیتی بہبود کی حیثیت سے خدمات کی انجام دہی کے دوران انہوں نے محکمہ کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے کئی اقدامات کئے تھے۔ ان کے تقرر کے بعد اب آندھرا پردیش اور تلنگانہ ریاستوں کیلئے اقلیتی بہبود کے علحدہ سکریٹریز کے تقرر کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ توقع ہے کہ جناب احمد ندیم بہت جلد اپنی نئی ذمہ داری سنبھال لیں گے۔ دو ریاستوں کے قیام کے پس منظر میں دونوں ریاستوں کے سکریٹریز اقلیتی بہبود کو کئی چیلنجس کا سامنا ہے۔ اسکیمات پر موثر عمل آوری کے ساتھ ساتھ محکمہ میں عہدیداروں اور ملازمین کی کمی کو پورا کرنا ان عہدیداروں کیلئے اہم چیلنج رہے گا۔