جمہوری عمل میں رکاوٹ کی کوشش ناقابل برداشت

چارمینار حلقہ اسمبلی میں کانگریس امیدوار محمد غوث کے حق میں ووٹ کی اپیل، علی بن ابراہیم مسقطی کا بیان

حیدرآباد۔یکم۔ڈسمبر(سیاست نیوز) پرانا شہر کسی کی جاگیر نہیں ہے اور نہ ہی کوئی پرانے شہر میں جمہوریت کو بحال کرنے سے روک سکتا ہے ۔حلقہ اسمبلی چارمینار میں محمد غوث کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے تلگودیشم کارکن اور قائدین متحرک ہیں اور جو لوگ حلقہ اسمبلی چارمینار میں کانگریس امیدوار محمد غوث کی انتخابی مہم میں رخنہ پیدا کر رہے ہیں انہیں جناب علی بن ابراہیم مسقطی نے سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ دوبارہ اس طرح کی کوششوں کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں ۔ انہو ںنے کہا کہ جو لوگ خود پیچھے رہتے ہوئے معصوم نوجوانوں اور خواتین کو آگے کر رہے ہیں انہیں سمجھنا چاہئے کہ وہ آخر کیا چاہ رہے ہیں۔ جناب علی مسقطی نائب صدر تلگودیشم پارٹی نے کہا کہ مسلمانوں کی جماعت ہونے کا دعوی کرنے والے سیاستداں خواتین کی آڑ میں سیاست کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ اسلام میں خواتین کو گھر کی زینت قرار دیا گیا ہے لیکن ان کی غربت سے فائدہ حاصل کرتے ہوئے انہیں 200تا300 روپئے کا لالچ دیا جا رہا ہے اور ان کا مذاق بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ انہو ںنے بتایا کہ حلقہ اسمبلی چارمینار اور پرانے شہر کے علاقو ں میں موجود حلقہ جات اسمبلی میں عوامی انقلاب سے جماعت سے تعلق رکھنے والے سودخور‘ لینڈ گرابرس اور زانی بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد بالخصوص چارمینار اور دیگر علاقوں میں موجود مسلمانوں کی غربت کے خاتمہ کیلئے یہ جدوجہد کی جا رہی ہے اور اس جدوجہد کو کچلنے کی جماعت کی جانب سے کی جانے والی کوشش کا بنیادی مقصد شہر حیدرآباد کی روایتی سیاست اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کا سلسلہ جاری رکھنا ہے۔ جناب علی مسقطی نے کہا کہ حلقہ اسمبلی چارمینار‘ یاقوت پورہ ‘ ملک پیٹ یا کاروان میں جمہوری عمل میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ہر طرح سے کوششوں کا جواب دیا جائے گا۔ نائب صدر تلگو دیشم نے کہا کہ ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں عوامی محاذ کی کامیابی یقینی ہے اور ان حالات میں پرانے شہر کے عوام کو بھی فیصلہ کرنا ہے کہ وہ کیا اس تلنگانہ راشٹر سمیتی کی حلیف جماعت کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں گے جو کہ مرکز میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے ہر فیصلہ کا خیر مقدم کرنے کا ریکارڈ رکھتی ہے اور اب ریاست تلنگانہ میں رائے دہندوں کو فرقہ وارانہ خطوط پر منقسم کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرنے کا خواب دیکھ رہی ہے !جناب علی مسقطی نے کہا کہ حلقہ اسمبلی چارمینار میں وہ کانگریس امیدوار کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کی پارٹی کے کارکن منظم انداز میں عوامی محاذ کے امیدوار کی کامیابی کیلئے کوشاں ہیں۔