جموں ، 18 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بجرنگ دل کے قومی کوآری نیٹر سوہن سنگھ سولنکی نے کہا کہ صوبہ جموں میں مسلم اور روہنگیا کالونیوں کے قیام کا مقصد صوبے میں ہندؤں کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنا ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ جموں شہر کے چاروں اطراف میں ہندو مخالف لوگوں خاص طور پر روہنگیا مسلمانوں کو بسایا گیا ہے ۔ سوہن سنگھ سولنکی نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ‘یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ جموں میں الگ سے (مسلم) کالونیاں وجود میں لائی جارہی ہیں۔ ان کا مقصد جموں میں ہندؤں کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنا ہے ۔ سابقہ حکومتوں کو اس طرف دھیان دینا چاہیے تھا۔ آج جموں کے چاروں اطراف ہندو مخالف سرگرمیاں چلائی جارہی ہیں۔ ہندو مخالف لوگ خاص طور پر روہنگیا مسلمان اور بنگلہ دیشی درانداز رہ رہے ہیں۔ جموں میں فوج پر حملہ ہونا، پتھراؤ ہونا، یہ بہت بڑی بات ہے ۔ یہ سلسلہ جاری رہا تو ہمیں مجبوراً ایجی ٹیشن شروع کرنا پڑے گی۔ ہندوسماج ایک بار پھر کھڑا ہوجائے گا اور خطہ میں چل رہی ملک مخالف سرگرمیوں کو روکے۔