جموں و کشمیر کے خصوصی موقف پر مرکز سے سپریم کورٹ کی جواب طلبی

نئی دہلی 8 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے دہلی ہائی کورٹ کے ایک حکم کے خلاف دائر کردہ درخواست پر مرکز سے جواب طلب کیا ہے۔ جس (حکم) کے ذریعہ دہلی ہائی کورٹ نے جموں و کشمیر کے خصوصی موقف سے متعلق دستور کی دفعہ 370 کے جواز کو چیلنج کرتے ہوئے پیش کردہ درخواست کو مسترد کردیا تھا۔ چیف جسٹس جے ایس کھیہر کی قیادت میں ایک بنچ نے اس ضمن میں مرکز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اندرون چار ہفتہ جواب طلب کیا ہے۔ دفعہ 370 کے جواز کو چیلنج کرنے دائر کردہ ایک درخواست کو دہلی ہائی کورٹ نے 11 اپریل کو یہ کہتے ہوئے خارج کردیا تھا کہ اس میں کوئی بات باقی نہیں رہی کیوں کہ سپریم کورٹ پہلے ہی اس مسئلہ کو خارج کردیا ہے۔ درخواست گذار وجئے لکشمی جھا نے دعویٰ کیا تھا کہ ہائی کورٹ میں اُٹھایا گیا یہ مسئلہ قبل ازیں سپریم کورٹ میں پیش کردہ مسئلہ سے مختلف ہے۔

جموںو کشمیر میں غیرمسلموں کو اقلیتی موقف ، مرکز جلد فیصلہ کرے
نئی دہلی ۔ 8 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے آج مرکز کو آخری موقع فراہم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست جموںو کشمیر میں غیرمسلموں کو اقلیتی موقف دینے کی درخواست پر اندرون تین ماہ فیصلہ کرے ۔ چیف جسٹس جے ایس کیہر کی زیرقیادت بنچ نے مرکزی حکومت کی یہ درخواست قبول کی کہ اس معاملے میں ریاستی حکومت اور دیگر متعلقہ فریقین سے مذاکرات کیلئے وقت دیا جائے ۔ ایڈیشنل سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے مرکز کی طرف سے پیش ہوتے ہوئے کہا کہ حکومت مختلف سطحوں پر مشاورت کررہی ہے اور اُسے 8 ہفتوں کی مہلت دی جائے ۔