سرینگر۔/14نومبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) الیکشن کمیشن نے جموں و کشمیر میں پانچ مرحلوں میں منعقد شدنی اسمبلی انتخابات کے تیسرے مرحلہ کا اعلامیہ جاری کردیا جو 16حلقوں پر مشتمل ہے جہاں رائے دہی 9ڈسمبر کو ہوگی۔ تمام رائے دہی حلقے وادی میں واقع ہیں اور اعلامیہ کا اعلان متعلقہ ریٹرننگ آفیسرس کی جانب سے کیا گیا ہے جن میں اوری، رفیع آباد، سوپور، سنگراما، بارہمولہ، گلمرگ اور پٹن شامل ہیں جبکہ دیگر حلقوں میں چڈورا، بڈگام، بیرواہ، خان صاحب، چرار شریف، ( بڈگام ڈسٹرکٹ )، ترال، پامپور، پلوامہ اور راجپور ( پلوامہ ڈسٹرکٹ ) بھی ان حلقوں میں شامل ہیں جہاں تیسرے مرحلہ کے دوران رائے دہی ہوگی۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کی آخری تاریخ 21نومبر ہے جبکہ پرچوں کی جانچ پڑتال 22 نومبر کو ہوگی اور پرچوں سے دستبرداری کی آخری تاریخ 29نومبر مقرر کی گئی ہے۔