نئی دہلی 28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہاکہ جموں و کشمیر میں شہری مجالس مقامی اور پنچایت انتخابات تاریخی اہمیت کے حامل ہیں جو ابتدائی سطح پر جمہوریت کی دوبارہ بحالی میں مددگار ثابت ہوں گے۔ اس ریاست کی دو بڑی جماعتیں نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی ان انتخابات کا بائیکاٹ کررہی ہیں۔ وزیرداخلہ نے اپنے ایک صحافتی بیان میں کہاکہ مرکزی حکومت ان انتخابات کے پُرسکون انداز میں انعقاد میں مدد کے لئے بشمول مرکزی فورسیس تمام ضروری امداد کی فراہمی کے لئے تیار ہے۔ آئندہ ماہ ہونے والے انتخابات میں 4,130 سرپنچ، 29,119 ارکان پنچایت اور 1,145 وارڈ کمشنرس منتخب کئے جائیں گے۔ فاروق عبداللہ کی نیشنل کانفرنس اور محبوبہ مفتی کی پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) نے ان انتخابات کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہاکہ دستور کی دفعہ 35A پر مرکز کو پہلے اپنا موقف واضح کرنا چاہئے۔