جموں و کشمیر کی ریکارڈ رائے دہی جمہوریت کی فتح : وزیراعظم مودی

پونچھ ؍ ادھم پور (جموں و کشمیر) ، 28 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے عوام نے عسکریت پسندوں کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے ریکارڈ رائے دہی کے ذریعہ اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا ہے اور یہ ان کا جمہوریت پر ایقان کا مظاہرہ ہے ۔ جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلہ کیلئے انتخابی مہم کے دوران انھوں نے کہا کہ ریاست کے چند علاقہ گزشتہ 30 برسوں سے منجمد ہوچکے ہیں اور این سی کی زیرقیادت کے علاوہ اس میں کانگریس اور پی ڈی پی بھی شامل ہیں جن کی بدعنوانیوں کی وجہ سے ریاست کے کئی علاقے ترقی سے محروم ہیں۔ جن لوگوں نے انتخابات کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا تھا اُن پر شدید تنقید کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جموں و کشمیر کی عوام نے بندوق برداروں کو رائے دہی کی طاقت سے منہ توڑ جواب دیا ہے ، نیز یہ پہلا موقع ہے کہ جموں و کشمیر کی عوام نے خود کو رائے دہی کے ذریعہ مستحکم کرتے ہوئے بُلٹ کا جواب بیالٹ سے دیا ہے ۔ مودی نے انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں یہاں جموں و کشمیر میں انتخابی مہم کیلئے دوسری مرتبہ آیا ہوں ، جیسا کہ میرا پہلا دورہ کشٹوار کے علاقہ چناب میں رہا لیکن جموں و کشمیر کی عوام نے جس طرح رائے دہی سے استفادہ کیا ہے میں جموں و کشمیر کی عوام کو مبارکباد دیتا ہوں کہ انھوں نے کثیرتعداد میں رائے دہی سے استفادہ کیا ہے ۔

جموں و کشمیر میں پہلے مرحلہ کی رائے دہی میں 71.28 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی ہے ۔ حالانکہ رائے دہی کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا تھا لیکن عوام نے اس طرح کے مطالبات کو مسترد کرتے ہوئے سرد موسم میں بھی 15مختلف علاقوں میں رائے دہی کی ہے ۔ مودی نے کہاکہ عوام کی اس طرح رائے دہی سے عسکریت پسند جھنجھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں کیونکہ وہ سمجھتے تھے کہ بندوق اور دھماکوں کے ذریعہ عوام کو موت کی نیند سلاتے ہوئے جمہوریت کو نقصان پہنچائیں گے لیکن ریاست میں جمہوریت ہنوز زندہ ہے ۔ عسکریت پسند طاقتوں پر مزید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تخریب کاروں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے جموں و کشمیر کی عوام نے جمہوریت پر اپنے یقین کا مظاہرہ کیا ہے ۔ وزیراعظم نے مزید کہاکہ عوام کے حوصلے کافی بلند ہیں اور وہ جموں و کشمیر میں جمہوریت کافیصلہ کریں گے

اور میں انھیں مبارکباد دیتا ہوں ۔ جموں و کشمیر کی عوام کو صرف مودی کی طرف سے نہیں بلکہ 125 کروڑ ہندوستانیوں کی جانب سے میں رائے دہی سے استفادہ کرنے والی عوام کو مبارکباد دیتا ہوں ۔ مودی کے بموجب ہر ہندوستانی جموں و کشمیر کے رائے دہندہ کو مبارکباد دے رہا ہے اور ملک کو ان پر فخر ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ جموں و کشمیر کی عوام کی جانب سے حق رائے دہی سے استفادہ کرنے کی بدولت ساری دنیا کو یہ پیغام پہونچا ہے کہ جموں وکشمیر کی عوام نے ایک بڑا کام کیا ہے ۔ جموں و کشمیر میں بی جے پی کے متعلق مودی نے کہاکہ ریاسی عوام کو بی جے پی پر بھروسہ ہے اور پارٹی اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے مکمل اکثریت کے ساتھ حکومت تشکیل دے گی ۔

کشمیر : وزیر اعظم مودی کی آمد سے قبل انکاؤنٹر
جمعہ کو صبح بین الاقوامی سرحد پر فائرنگ
سرینگر، 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی جموں و کشمیر میں دوسرے مرحلے کے اسمبلی انتخابات سے قبل دو انتخابی جلسوں سے خطاب کر رہے ہیں، جو بتایا جاتا ہے جموں علاقے کے اضلاع پونچھ اور ادھم پور میں منعقد کئے جارہے ہیں۔ وزیر اعظم کی آمد سے قبل انکاونٹر کے واقعہ کی بناء پر سخت ترین حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ کل اس انکاونٹر میں تین شہری ہلاک ہوگئے تھے ۔ ریاست میں کسی بھی دوسری سیاسی پارٹی سے اتحاد کئے بغیر بی جے پی تمام 87 اسمبلی نشستوں پر مقابلہ کررہی ہے ۔ وادی کشمیر میں دوسرے مرحلے کے اسمبلی انتخابات 2 ڈسمبر کو منعقد ہوں گے ۔ قبل ازیں 22 نومبر کو وزیر اعظم مودی نے پہلے مرحلے کے انتخابات میں بی جے پی امیدوار کی تائید میں انتخابی مہم چلائی تھی اور وادی چناب کی کشتوار پٹی میں انتخابی جلسوں سے خطاب کیا تھا ۔ تقریبا 40 ہزار افراد ان کی تقریر سننے کیلئے آئے تھے ۔ پہلے مرحلے کے انتخابات میں 70 فیصد رائے دہی ہوئی جو ایک ریکارڈ ہے ۔ دریں اثناء فوج اور عسکریت پسندوں کے درمیان جمعہ کی صبح سے زبردست فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا ، جو بین الاقوامی سرحد پر ہورہا ہے ۔ چند گھنٹوں بعد ہی وزیر اعظم کا وادی کشمیر کے دورہ کا پروگرام ہے۔ زبردست مسلح عسکریت پسند ضلع جموں کے مقام امیا میں سرحد پار سے گھس آئے ۔ جملہ 10 افراد بشمول چار شہری آر ایس پورہ میں فوجی کارروائی کے دوران کل ہلاک ہوئے تھے ۔ مبینہ طور پر کل فائرنگ کے تبادلے میں زندہ بچ جانے والا عسکریت پسند آج کی فائرنگ میں ملوث ہے ۔ پولیس کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ اسے گرفتار کرنے کی کوشش اور زبردست فائرنگ دونوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ اس علاقہ کی تلاش کے دوران دوسری نعش دستیاب ہوچکی ہے۔