جموں و کشمیر کو حج 2018ء کیلئے خصوصی کوٹہ کے طور پر 2000 اضافی نشستیں مختص، لوک سبھا میں مختار عباس نقوی کا بیان

نئی دہلی۔25 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کو اس سال حج کیلئے 2000 اضافی نشستیں ’’خصوصی کوٹہ‘‘ کے طور پر الاٹ کی گئی ہیں جو ریاستوں کے انڈر یوٹیلائزڈ کوٹہ کے ذریعہ پیدا ہونے والی زائد نشستوں کو مختص کرنے کے نئے فارمولہ کے خطوط میں الاٹ کی گئی ہیں۔ وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے آج لوک سبھا میں یہ بات بتائی۔ ایک تحریری سوال کے جواب میں انہوںن ے کہا کہ 2000 سیٹس کے اضافہ کے ساتھ جموں و کشمیر کو حج 2018ء کے لیے جملہ 10062 نشستیں الاٹ کی گئی ہیں۔ اس ریاست کو حج 2017ء کے لیے جملہ 7960 نشستیں الاٹ کی گئی تھیں۔ مسٹر نقوی نے کہا کہ حج 2018ء کے لیے ریاستوں کے انڈر یوٹیلائزڈ کوٹہ سے پیدا ہونے والی زائد نشستوں کو الاٹ کرنے سے متعلق نئے حج پالیسی فارمولہ کے مطابق ریاست جموں و کشمیر کو 2000 اضافی نشستیں ایک خصوصی کوٹہ کے طور پر الاٹ کی گئی ہیں۔ انہوںن ے کہا کہ حج کمیٹی آف انڈیا کو الاٹ کئے جانے والے حج کوٹہ کو تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں 2011ء کی مردم شماری کے مطابق مسلمانوں کی آبادی کے تناسب سے تقسیم کیا جاتا ہے۔ اختیاری کوٹہ کے تحت محفوظ نشستوں کی تعداد سے متعلق ایک اور سوال پر نقوی نے کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے اس کے 2012ء کے حکم میں منظورہ رہنمایانہ خطوط کے مطابق ممتاز شخصیتوں کی سفارش پر الاٹ کی گئی نشستوں کی تعداد میں 100 نشستیں صدر جمہوریہ، 75 نشستیں نائب صدر جمہوریہ، 75 نشستیں وزیراعظم، 50 نشستیں وزارت امور خارجہ اور 200 نشستیں حج کمیٹی آف انڈیا کی سفارش پر الاٹ کی گئیں۔ انہوںنے کہا کہ یکم اکٹوبر 2016ء سے حج امور کی ایم ای اے سے وزارت اقلیتی امور کو منتقلی کے ساتھ ایم ای اے کے لیے محفوظ نشستوں کو وزارت اقلیتی امور کی سفارش پر الاٹ کیا جارہا ہے۔ خانگی ٹورآپریٹرس کو الاٹ کی گئی نشستوں کے بارے میں ایک اور سوال پر مسٹر نقوی نے کہا کہ ملک بھر میں 609 خانگی ٹور آپریٹرس کو جملہ 46,323 سیٹس الاٹ کی گئی ہیں۔