جموں و کشمیر میں 59 اور جھار کھنڈ میں 61 فیصد پولنگ

سرینگر / رانچی ۔ 9 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) حالیہ دہشت گردانہ حملوں سے غیر متاثر 59 فیصد رائے دہندوں نے آج جموں و کشمیر میں اسمبلی چناؤ کے تیسرے مرحلہ میں ووٹ ڈالے اور اس طرح انہوں نے بائیکاٹ کی اپیلوں کو مسلسل نظر انداز کیا ہے لیکن رائے دہی کا تناسب پچھلے مرحلوں کے مقابل کچھ کم رہا۔ شدید سردی کے ماحول میں آج کا تناسب وادی میں 5 مراحل کے انتخابات کے تحت 16 نشستوں کیلئے منعقد ہوئے۔ دریں اثناء جھارکھنڈ کے 17 اسمبلی حلقوں میں جہاں اسی طرح 5 مرحلے کے انتخابات میں آج تیسرے مرحلہ کی پولنگ ہوئی، 60.89 فیصد ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔ سرکاری ذرائع نے کہا کہ پولنگ بڑی حد تک کسی ناخوشگوار واقعہ سے پاک رہی جبکہ سیکوریٹی کے وسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں۔ دہلی میں ڈپٹی الیکشن کمشنر ونود زوتشی نے پریس کانفرنس کو بتایا کہ آج جہاں رائے دہی ہوئی وہاں کے تین اضلاع میں اجتماعی تناسب 2008 ء کے مقابل 6 فیصدی پوائنٹس زیادہ ہے۔ الیکشن کمیشن کے ایک عہدیدار نے آج رات کہا کہ جموں و کشمیر میں تیسرے مرحلہ کا پولنگ تناسب 58.89 فیصد ہے اور قطعی اعداد و شمار میں قدرے اضافہ ہوسکتا ہے۔ آج کی پولنگ کے ساتھ 87 اسمبلی حلقوں میں سے 49 میں ووٹنگ مکمل ہوچکی ہے۔

چوتھا اور پانچواں مرحلہ ترتیب وار 14 اور 20 ڈسمبر کو منعقد کیا جائے گا ۔ ووٹوں کی گنتی 23 ڈسمبر کو کی جائے گی۔ گلمرگ کے ایک پولنگ اسٹیشن پر بعض غیر شناخت شدہ اشخاص کی جانب سے پٹرول بم حملے کے ماسوا پولنگ اضلاع بارہمولا، پلواما اور بڈگام کے تمام حلقوں میں بڑی حد تک پرامن رہی۔ ضعیف العمر اشخاص کے بشمول ووٹروں نے صبح کے اوقات میں کئی مقامات پر صفر سے کم درجہ حرارت کے باوجود 1781 پولنگ مراکز پر قطاریں باندھ رکھی تھی تاکہ 144 امیدواروں کی انتخابی قسمت کا فیصلہ کیا جائے، جن میں چیف منسٹر عمر عبداللہ اور ان کے تین کابینی رفقاء شامل ہیں۔ رانچی میں الیکشن کمیشن کے ذرائع نے کہا کہ اکثر و بیشتر اسمبلی حلقوں میں اوسط سے بڑھ کر پولنگ ریکارڈ کی گئی۔ گورنر جھارکھنڈ سید احمد اور چیف منسٹر ہیمنت سورین نے ترتیب وار رانچی اور ہتیا اسمبلی حلقوں کیلئے اپنے ووٹ ڈالے۔ اس تیسرے مرحلہ میں 8 ارکان اسمبلی دوبارہ منتخب ہونے کی سعی کر رہے ہیں۔ 81 نشستوں میں سے 33 کیلئے رائے دہی 25 نومبر اور 2 ڈسمبر کو منعقد ہوچکی ہے جس میں ترتیب وار 61.92 فیصد اور 64.68 فیصد رائے دہی درج ہوئی تھی۔