جموں و کشمیر میں پنچایت و مجالس مقامی انتخابات میں حصہ لینے

سیاسی جماعتوں سے وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ کی اپیل
جموں 17 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ جموں و کشمیر میں آئندہ منعقد ہونے والے پنچایت اور شہری مجالس مقامی انتخابات میں حصہ لیں۔ انھوں نے یہ اپیل این سی اور پی ڈی پی کی جانب سے ان انتخابات کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کرنے کے تناظر میں کی۔ راج ناتھ سنگھ نے جموں و کشمیر کی دو بڑی علاقائی جماعتوں نیشنل کانفرنس اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے ان انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان کرنے کے بعد یہ اپیل کی۔ ان جماعتوں نے انتخابات کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان اس لئے کیا کیوں کہ مرکزی حکومت نے دستور کے آرٹیکل 354 سے متعلق اپنا موقف واضح نہیں کیا ہے۔ مسٹر سنگھ نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ ’’میں یہ اپیل کرتا ہوں کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اس سیاسی عمل میں حصہ لینا چاہئے۔ اس سے انھیں عوام سے بات کرنے کا موقع فراہم ہوگا‘‘۔ دستور میں آرٹیکل 354 کو 1954 ء میں ایک صدارتی حکم کے ذریعہ بنایا گیا تھا اور اس میں جموں و کشمیر کے شہریوں کو خصوصی حقوق اور مراعات دیئے گئے ہیں۔ اس آرٹیکل کو جس میں ریاست جموں و کشمیر کے باہر کے شخص کے ساتھ شادی کرنے والی خاتون کو جائیداد کے حقوق دینے سے انکار کیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ میں چیالنج کیا گیا اور یہ معاملہ ہنوز زیرغور ہے۔ ایک سوال پر وزیرداخلہ نے کہاکہ ہندوستان نے پاکستان کے ساتھ اس کے تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے تمام تر کاوشیں کی ہیں۔ لیکن ہم پاکستان کے رویہ کو تبدیل نہیں کرسکتے ہیں۔ انھیں اس بات کو سمجھنا ہوگا کہ ایک پڑوسی کے ساتھ کس طرح کا رویہ اختیار کیا جائے۔ قبل ازیں راج ناتھ سنگھ نے یہاں سے قریب ہند ۔ پاک سرحد پر دو اسمارٹ فینس پائیلٹ پراجکٹس کا افتتاح کیا۔