جموں و کشمیر میں پاکستانی فوج کی پھر فائر بندی کی خلاف ورزی

جموں ۔ 17 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہند۔ پاک سرحد پر فائربندی کی خلاف ورزی کا ایک اور واقعہ پیش آیا جہاں پاکستانی رینجرس نے سانباسیکٹر میں سرحدی آوٹ پوسٹ پر فائرنگ کی۔ ہندوستانی فوج نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کی۔ بی ایس ایف کے ترجمان نے بتایا کہ تقریباً 11.30 بجے شب بارڈر آوٹ پوسٹ پر تین تا چار راونڈ فائرنگ کی گئی جس کے جواب میں بی ایس ایف نے بھی جوابی کارروائی کی۔ تاہم دونوں طرف کسی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ پاکستانی فوج نے 13جون کو بھی فائر بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پونچھ سیکٹر میں ہندوستانی پوسٹ پر فائرنگ کی تھی جس پر ہندوستانی فوج کو جوابی کارروائی کرنی پڑی۔ اپریل اور وسط مئی کے درمیان لائن آف کنٹرول پر اس طرح کی خلاف ورزی کے 19 واقعات پیش آئے۔ 2013ء میں 149 واقعات پیش آئے تھے جن میں 12 جوان ہلاک اور 41 زخمی ہوئے تھے۔

دہلی میں مہلوک کانسٹیبل کے ورثاء کو
ایک کروڑ امداد
نئی دہلی ۔ 17 جون (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ نے ٹریفک کانسٹیبل منارام کے ارکان خاندان کیلئے ایک کروڑ روپئے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ یہ کانسٹیبل ہفتہ کی رات ڈیوٹی کے دوران کار کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا تھا۔