سرینگر۔ یکم ستمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) جموں و کشمیر ہائی کورٹ اور ماتحت عدالتوں میں آج وکلاء کی تنظیم کی ہڑتال سے عدلیہ کا کام کاج مفلوج ہوگیا جبکہ یہ وکلاء بعض سینئر ارکان پر حملہ کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔ ہائی کورٹ بار اسوسی ایشن کے ارکان نے محمد عبداللہ پنڈت پر جان لیوا حملہ کے خلاف ایک روزہ ہڑتال کردی اور حملہ آوروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ احتجاجی وکلاء نے ہائی کورٹ ، صدر کورٹ اور دیگر سب آرڈینیٹ کورٹس کا بائیکاٹ کردیا۔اسوسی ایشن کا الزام ہے کہ بعض افراد نے محمد عبداللہ پنڈت پر اتوار کے دن آفس کے باہر گاڑی کی پارکنگ کے مسئلہ پر بحث و تکرار کے بعد حملہ کردیا جس کے باعث ان کے سرپر شدید زخم آئے۔ ملزمین کے خلاف کھنبار پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرلیا گیا اور دو افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ تاہم ایک حملہ آور ہنوز مفرور ہے۔