جموں و کشمیر اسمبلی تحلیل کرنے پر زور

تمام سیاسی پارٹیاں تازہ انتخابات کیلئے تیار : فاروق عبداللہ
سرینگر۔ 29 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سابق چیف منسٹر جموں و کشمیر فاروق عبداللہ نے جموں و کشمیر اسمبلی کو تحلیل کرنے کی حمایت کی اور کہا کہ اس سے سودے بازی کا امکان ختم ہوجائے گا۔ تمام سیاسی پارٹیاں تازہ انتخابات کیلئے تیار ہیں، تاہم نیشنل کانفرنس لیڈر نے توقع ظاہر کی کہ ریاست میں گورنر راج کچھ دنوں تک برقرار رہتا ہے تو اس سے کچھ استحکام بحال ہوگا۔ میں سمجھتا ہوں کہ فی الحال گورنر راج ہی درست ہے۔ اس ریاست کی ترقی کی جانب توجہ دی جانی چاہئے۔گورنر این این ووہرا ریاست میں ایک ٹھوس نظم و نسق دیں گے اور امن کی بحالی کیلئے سخت اقدامات کرینگے ،عوام کو ہراساں نہیں کیا جائے گا۔ گورنر نظم و نسق، ریاست میں پنچایت اور میونسپل انتخابات کروانے کی تیاری کررہا ہے۔ یہ ایک اچھی تبدیلی ہے۔ انہیں اس کیلئے زمینی تیاری کرنے دیجئے۔ اس کے بعد سیاسی پارٹیاں ہی خود فیصلہ کرینگی کہ وہ انتخابات کیلئے تیار ہیں یا نہیں۔ ریاست میں متبادل حکومت کے قیام کی اطلاعات کے متعلق انہوںنے کہا کہ میں سوچتا ہوں کہ بی جے پی کی جانب سے محبوبہ مفتی حکومت سے تائید واپس لینے کے بعد یہ ہوتا ہے کہ ریاستی اسمبلی کو تحلیل کیا جاتا ہے تاکہ سودے بازی کا کوئی موقع نہ رہے، ورنہ ریاست پر اثر پڑے گا۔