جموں، 28فروری (سیاست ڈاٹ کام) جموں کی ایک عدالت نے میانمار (برما) کے ایک رہائشی کو تین سال کی قید بامشقت اور دس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے ۔ ایڈیشنل سیشن جج جموں شہزاد عظیم نے پیر کے روز زکریا ساکنہ مونی پارا ضلع راکھیا پانی میانمار (برما) کو تین سال کی قید بامشقت اور دس ہزار جرمانے کی سزا سنائی۔کیس کے مطابق 13 نومبر 2014 کو آر ایس پورہ پولیس اسٹیشن کی ایک پولیس پارٹی نے برما کے ایک رہائشی کو گرفتار کیا۔ چونکہ گرفتار شدہ شخص بھارت کی حدود میں داخل ہونے کا کوئی دستاویز پیش نہیں کرسکا، لہٰذا اس پر غیرملکیوں سے متعلق قانون کی دفعہ 14 اور بھارتی پاسپورٹ ایکٹ کی دفعہ 3/6 کے تحت مقدمات درج کئے گئے ۔ ایڈیشنل سیشن جج نے زکریا کو مجرم قرار دیتے ہوئے تین سال کی قید بامشقت اور دس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں زکریا کو مزید ایک ماہ تک جیل میں رہنا پڑے گا۔
پرائمری اسکول کے 2اساتذہ
سند کی بنیاد پر ملازمت سے برطرف
پرتاپ گڑھ ۔28فروری (سیاست ڈاٹ کام) اتر پردیش میں پرتاپ گڑھ کے ضلعی بیسک ایجوکیشن افسر نے اتر پردیش ایجوکیشن بورڈ کے ذریعہ دو اساتذہ کے سرٹیفکیٹ کو توثیق میں غیر مستند قرار دینے پر ملازمت سے برطرف کر دیا ۔ ضلع ایجوکیشن افسر بھوپیندر نرائن کے مطابق معاون اساتذہ کی تقرریوں کے دوران یہاں 248 اساتذہ کی تقرری ہوئی تھی ۔جہاں سند کی توثیق کے درمیان پو پی ایجوکیشن بورڈ نے کنچن و ستیش کمار تیواری کے بورڈ آف ہائر سکینڈری ایجوکیشن دہلی سے جاری ہائی اسکول کی سرٹیفکیٹ کو غیر مستند قرار دیا، چونکہ پوپی ایجوکیشن بورڈ سے مذکورہ ادارہ تسلیم شدہ نہیں ہونے سے اسکی سند کی یہاں کوئی اہمیت نہ ہونے کے سبب دونوں اساتذہ کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔