جموں میں اتحادی امیدواروں کیلئے فاروق عبداللہ کی انتخابی مہم

جموں 22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل کانفرنس صدر فاروق عبداللہ نے آج مشترکہ کانگریس ۔ این سی امیدواروں کے حق میں انتخابی مہم کی قیادت کی اور کہاکہ اس اتحاد کا مقصد ہندوستان کو سیکولر ملک کی حیثیت سے محفوظ رکھنا اور اس کو انتشار پسند طاقتوں سے بچانا ہے۔ سینئر کانگریس لیڈر کرن سنگھ کے پوترے وکریما دتیہ سنگھ اور سابق وزیر رمن بھلا کیلئے انتخابی مہم چلاتے ہوئے جو کانگریس اور اس کی حلیف پارٹی نیشنل کانفرنس کے مشترکہ امیدوار ہیں فاروق عبداللہ نے کہاکہ ہم نے ایک مقصد کے لئے یہ قربانی دی ہے اور ہندوستان کو سیکولر ملک کے طور پر محفوظ رکھنے کے لئے ہم نے یہ اتحاد کیا ہے۔ اس کے علاوہ ہندوستان کو مضبوط رکھنا بھی ہمارا مقصد ہے۔ اس سے ہٹ کر کوئی دوسرا مفاد نہیں ہے۔